چیئرمین (سی ڈی اے) محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر ) چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ڈی اے کے ممبر ایڈمن و اسٹیٹ طلعت محمود، ممبر انوائرمنٹ اسفندیار بلوچ، ممبر فنانس طاہر نعیم، ممبر پلاننگ ڈاکٹر خالد حفیظ، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن، ڈی جی ورکس، ڈی جی ریسورس، ڈائریکٹر ڈی ایم اے سمیت دیگر سنئیر افسران نے شرکت کی ، اجلاس میں سیکٹر ڈویلپمنٹ خصوصاً سیکٹر ای بارہ، سیکٹر سی چودہ، سی پندرہ، سی سولہ، سیکٹر آئی بارہ، آئی پندرہ، پارک انکلیو کے ترقیاتی کاموں کی ترقیاتی سرگرمیوں میں اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ تمام سیکٹرز میں ترقیاتی کاموں کی رفتار تیز کی جائے اسکے علاوہ غیر قانونی تجاوزات اور تعمیرات کا قانون کے مطابق خاتمہ کیا جائے ، اجلاس میں بتایا گیا کہ سی ڈی اے کی ویب سائٹ پر قانونی طور پر قائم ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے علاوہ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کی تفصیلات عوام کی سہولت کیلئے فراہم کی گئیں ہیں تاکہ عوام اپنی سرمایہ کاری سے پہلے متعلقہ ہاؤسنگ/ کوآپریٹو سوسائٹی کے بارے میں سی ڈی اے کے متعلقہ پلاننگ ونگ یا سی ڈی اے کی ویب سائٹ سے متعلقہ سوسائٹی کی قانونی حیثیت کے بارے میں آگاہی حاصل کرسکیں۔

اجلاس میں غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں اور کوآپریٹو سوسائٹیوں کو بلڈنگ اور دیگر میٹریل فروخت کرنے والے افراد کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ، اجلاس میں غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں اور کوآپریٹو سوسائٹیوں کے لے آؤٹ پلان اور این او سی کا جائزہ لینے اور لے آؤٹ پلان/ این او سی کی منظوری سے زیادہ فائلیں بیچنے والوں کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ، چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کہا کہ سی ڈی اے کا اولین مقصد اسلام آباد کے شہریوں کی رہائشی ضروریات کو پورا کرنا ہے جسکے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے مختلف سیکٹرز جن میں سیکٹر ای بارہ، سیکٹر سی چودہ، سی پندرہ، سی سولہ، سیکٹر آئی بارہ، آئی پندرہ، پارک انکلیو کے ترقیاتی کام شامل ہیں کی تکمیل کیلئے دن رات کوشاں ہے تاکہ اسلام آباد کے شہریوں کو جدید رہائشی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے.