سینی ٹیشن،واٹرسپلائی اور سی ڈی اے ہسپتال کو آؤٹ سورس کرنے کے فیصلے پر سی بی اے کو اعتماد میں لیا جائے۔ چوہدری محمد یٰسین

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے) کی ایگزیکٹوکونسل کا اجلاس مرکزی یونین آفس مین چیئرمین کمپلیکس میں منعقد ہوا جس میں ملازمین کے پلاٹوں کی الاٹمنٹ،مہنگائی الاؤنس سمیت دیگرتمام الاؤنسزمیں اضافہ،ملازمین کے بچوں کی بھرتی،مختلف شعبہ جات کی آؤٹ سورسنگ سمیت دیگرمسائل پر غورو غوص کیا گیا،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ سی ڈی اے مزدور یونین ملازمین کی نمائندہ تنظیم ہے جو پانچویں دفعہ ووٹ کی طاقت سے سی بی اے منتخب ہوئی ہے اور ہم نے ہمیشہ مذاکرات کے ذریعے تمام مسائل کو حل کیا ہے لیکن ادارے کے اندرکچھ چند لوگ ہیں جو مزدور کوخوشحال نہیں دیکھنا چاہتے اور ہماری مفاہمت کی سیاست کوہماری کمزوری نہ سمجھاجائے.

ادارے کے پندرہ ہزار ملازمین کا رزق اس ادارے کے ساتھ جڑاہے اور سی ڈی اے مزدور یونین ہمیشہ ملازمین کے ساتھ کھڑی ہے اور ان کے تمام مسائل سے بخوبی آگاہ ہے لہذا ہمارے مینڈیٹ کا احترام کیا جائے اور فی الفورہمارے ساتھ ایجنڈامیٹنگ بلائی جائے تاکہ مزدوروں کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جاسکے،اس موقع پر انھوں نے چیئرمین سی ڈی اے اور انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ سینی ٹیشن و انوائرمنٹ ملازمین کی ہفتہ وار چھٹی کو بحال کیا جائے،ریونیوڈائریکٹوریٹ کو ایک بنیادی تنخواہ بطور اعزازیہ دی جائے اس کے ساتھ ساتھ ایچ آر سے متعلقہ زیرالتواء تمام سمریوں کو منظور کیا جائے،سینی ٹیشن،واٹرسپلائی اور سی ڈی اے ہسپتال کو آؤٹ سورس کرنے کے فیصلے پر سی بی اے کو اعتماد میں لیا جائے اس ضمن میں ادارے کی بہتری اور ملازمین کی خوشحالی کے لیے سی بی اے یونین آپکے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی،اگرملازمین کے مسائل کو حل نہ کیا گیا تو سی ڈی اے مزدور یونین اپنی جنرل باڈی کا اجلاس بلاکر چیئرمین آفس کا گھیراؤکرکے بھرپوراحتجاج کرے گی اور اس صورت میں شہر کا صنعتی امن خراب ہونے کی تمام ترذمہ داری سی ڈی اے انتظامیہ پر ہو گی .

اجلاس میں پاکستان ورکرزفیڈریشن کے سرپرست اعلیٰ وسی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین،پاکستان ورکرزفیڈریشن کے جنرل سیکرٹری اسدمحمود،مزدور یونین کے سپریم ہیڈ مرزاسعیداختر،حاجی صابر،صوفی محمودعلی،اظہارعباسی،ملک عاصم،چوہدری زاہد احمد،خالدمحمود،اظہر تنولی،سردارآصف،صفدرعباسی،چوہدری واجد گجر،چوہدری ابرار،محمد سرفرازملک،وارث دلیپ،زاہد حسین بھٹی،قاری شیر عالم سیالوی سمیت سی بی اے کمیٹیز کے نمائندگان اور ملازمین نے کثیر تعدادمیں شرکت کی.