اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ڈی اے کے ممبر ایڈمن و اسٹیٹ طلعت محمود، ممبر فنانس طاہر نعیم، ممبر انجینئرنگ سید نفاست رضا، ممبر پلاننگ ڈاکٹر خالد حفیظ، ممبر انوائرمنٹ اسفندیار بلوچ، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن، ڈی ج ریسورس سی ڈی اے، ڈی سی سی ڈی اے سمیت دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیکٹر سی چودہ، سی پندرہ، سی سولہ، ای بارہ، آئی بارہ، ایچ سولہ، آئی سولہ، آئی سترہ اور پارک انکلیو میں ہونے والے ترقیاتی کاموں میں ہونے والی ابتک کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ سیکٹرز ڈویلپمنٹ کے کام کو نہ صرف مزید تیز کیا جائے بلکہ معیار اور کوالٹی پر بھی کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ جن سیکٹرز میں ترقیاتی کام ہو رہے ہیں وہاں پر سی ڈی اے کے متعلقہ ڈائریکٹوریٹس خصوصاً ڈی سی سی ڈی اے اپنے متعلقہ عملہ کے ہمراہ دفتر قائم کریں تاکہ لوگوں کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے میں مدد مل سکے اس کے علاوہ کیمپ آفیسز میں عوام کے تمام مسائل کو شفافیت، قانون و انصاف کے تمام تقاضوں کے مطابق حل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام نئے سیکٹرز میں جدید اور خوبصورت لائٹس اور روڈ انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔
چیئرمین سی ڈی اے نے نئے مختلف سیکٹرز کے مرکزی داخلی راستوں کو کشادہ کرنے اور تمام تجاوزات و غیر قانونی تعمیرات کو قانون کے مطابق ہٹانے کی ہدایت کی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے پارک انکلیو میں ترقیاتی کاموں کو تیز کرنے کی ہدایت کی ، چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ سی ڈی اے کے سیکٹرز کے ترقیاتی کاموں میں حائل تمام رکاوٹوں کو ترجیح بنیادوں پر دور کیا جائے ، چیرمین سی ڈی اے نے سی ڈی اے کے کمرشل پلاٹس کی تاریخی کامیابی پر تمام متعلقہ ونگز کی کارکردگی کو سراہا انہو ں نے فنانس ونگ کو ترقیاتی کاموں کے لئے مناسب فنڈز مختص کرنے کی ہدایت کی.