اسلام آباد میں مون سون کے دوران پانی کے مؤثر انتظام کے لیے سی ڈی اے کے ہنگامی اقدامات

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی قیادت اور چیرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی سربراہی میں مون سون کے حالیہ سیزن کے دوران بارش کے پانی کے بہتر انتظام، شہری سیلاب سے بچاؤ، اور نکاسی آب کے نظام کو فعال رکھنے کے لیے جامع حکمت عملی پر عملدرآمد شروع کر دیا ہے چیئرمین سی ڈی اے نے تمام متعلقہ شعبہ جات کو ہدایت کی ہے کہ وہ الرٹ رہیں اور 24/7 بنیادوں پر شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کے پانی کی صورتحال کو مانیٹر کرنے کے ساتھ ساتھ ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں کو مزید موثر اور مربوط بنایا جائے عوام کے مسائل کے حل کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے ۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا:“ہماری اولین ترجیح پیشگی احتیاطی تدابیر ہیں۔ سی ڈی اے، اسلام آباد میٹروپولیٹن کارپوریشن (IMC) اور ایمرجنسی سروسز کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال کا فوری اور مؤثر طریقے سے سدباب کیا جا سکے۔”

اہم اقدامات درج ذیل ہیں:
   •   نشیبی علاقوں میں موبائل ڈی واٹرنگ یونٹس کی تعیناتی
   •   نالوں اور نکاسی آب کے راستوں کی باقاعدہ صفائی، خاص طور پر آئی جے پی روڈ، کھنہ پل، اور سیکٹر E-11 میں
   •   بارش اور نکاسی کی نگرانی کے لیے جدید مانیٹرنگ سسٹم کی تنصیب
   •   ریپڈ ریسپانس ٹیمز کی تشکیل، جو فوری کارروائی کے لیے ضروری آلات سے لیس ہیں
   •   عوامی آگاہی مہمات سوشل میڈیا اور مقامی میڈیا کے ذریعے.

مزید برآں، سی ڈی اے نے ایک ہنگامی ہیلپ لائن (1334) اور ایک کنٹرول روم قائم کیا ہے تاکہ شہریوں کی شکایات پر فوری کارروائی کی جا سکے، جن میں پانی جمع ہونا، بند نالے، یا سیوریج مسائل شامل ہیں سی ڈی اے طویل المدتی بنیادوں پر بھی اقدامات کر رہی ہے جن میں نکاسی آب کے نظام کو جدید بنانا، اور بارش کے پانی کو محفوظ کر کے قابلِ استعمال بنانے کے منصوبے شامل ہیں ، سی ڈی اے عوام سے اپیل کرتی ہے کہ وہ نالوں میں کچرا پھینکنے سے گریز کریں، اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں۔ عوام کا تعاون اسلام آباد کو محفوظ، صاف، اور جدید شہر بنانے میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے.