اسلام آباد (سٹاف رپورٹر ) چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز، کوآپریٹو سوسائٹیز، ناجائز تجاوزات کے بارے میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر سی ڈی اے، اسلام آباد انتظامیہ اور ڈی ایم اے کی کارروائیوں کے بارے میں اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیا ، چیئرمین سی ڈی اے کو بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سی ڈی اے نے وفاقی دارالحکومت میں غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز اور ناجائز تجاوزات کے خلاف قانون کے مطابق اقدامات اٹھا رہا ہے ، اجلاس میں بتایا گیا کہ سی ڈی اے نے اسلام آباد کی حدود میں قائم قانونی اور غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کی معلومات نہ صرف اپنی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر رکھی ہیں بلکہ سی ڈی اے جن سوسائٹیز نے بغیر اجازت ترقیاتی سرگرمیاں شروع کر رکھی ہیں ان کے خلاف سی ڈی اے کی قانون کے مطابق کاروائیاں جاری ہیں جن میں متعدد ہاوسنگ سوسائیٹز کے لے آوٹ پلان اور این او سی کی منسوخی کے علاوہ متعدد سوسائٹیز کے دفاتر کو قانون کے تقاضوں کے عین مطابق سیل کیا جا رہا ہے۔
سی ڈی اے نے شہریوں سے آن لائن پورٹل پر غیر قانونی سوسائٹیز کی فہرست شائع کر دی گئی ہے۔ رجسٹرڈ اور قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کو بھی ہدایت دی گئی ہے کہ وہ اپنی سو سائیٹیز میں ترقیاتی کام سی ڈی اے سے منظور شدہ لے آوٹ پلان اور این او سی کے مطابق کریں۔ قانون کے مطابق کوئی بھی ہاوسنگ سوسائٹی لے آؤٹ پلان کی منظوری سے زیادہ پلاٹس بیچنے کی مجاز نہیں۔ لے آوٹ پلان اور نقشہ کی منظوری کے بغیر پلاٹس اور فائلیں فروخت کرنے والی ہاوسنگ سوسائیٹز کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لانے ، ان کے لے آوٹ پلان اور این او سی کی منسوخی بھی کی جائے گی ، سی ڈی اے نے غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائیٹز کی تشہیر کرنے اور ان کو تعمیراتی سامان فروخت کرنے والوں سے کہا ہے کہ کسی بھی غیر قانونی ہاوسنگ سوسائٹی کہ تشہیر اور تعمیراتی سامان فروخت کرنے سے اجتناب کریں۔
چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ شہریوں کے مفادات کا تحفظ ادارے کی ذمہ داری ہے اور غیر قانونی ہاؤسنگ اسکیموں کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اسلام آباد کی حدود میں قائم کسی بھی ہاوسنگ سوسائٹی میں سرمایہ کاری سے قبل سی ڈی اے کے پلاننگ ونگ یا سی ڈی اے کی ویب سائٹ پر موجود معلومات سے استفادہ حاصل کرسکتے ہیں۔