اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )روانڈا کی ہائی کمشنر ایچ ای فاطو ہریریمانا نے آج چیئرمین کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا سے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی۔ ملاقات خوشگوار ماحول میں ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، خاص طور پر شہری ترقی، انفراسٹرکچر اور سیاحت کے فروغ کے ساتھ ساتھ پائیدار شہری نظم و نسق پر زور دیا گیا ، چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہائی کمشنر کو اسلام آباد میں مکمل ہونے والے اہم ترقیاتی منصوبوں اور جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سی ڈی اے دارالحکومت کو جدید، جامع اور ماحول دوست شہر بنانے کے وژن پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سفارتی انکلیو کی بہتری، اور اسلام آباد میں جنگل نما ماحول پر مبنی سفاری پارک کے قیام پر کام جاری ہے جو سیاحت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔
انہوں نے اسلام آباد اور روانڈا کے دارالحکومت کیگالی کے درمیان سسٹر سٹی تعلقات قائم کرنے کی تجویز کا خیر مقدم کیا تاکہ عوامی روابط، ثقافتی تبادلے، اور میونسپل مینجمنٹ، شہری بحالی اور سبز شہری حل کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جا سکے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ پائیدار شہری منصوبہ بندی اور وائلڈ لائف کنزرویشن میں روانڈا کا تجربہ اسلام آباد کی ترقی میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے ہائی کمشنر فاطو ہریریمانا نے چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی قیادت میں سی ڈی اے کی شاندار کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ روانڈا دارالحکومت کی حکمرانی، پائیدار ترقی اور ماحول دوست شہر کے قیام میں تعاون بڑھانے میں دلچسپی رکھتا ہے ،دونوں فریقین نے سمارٹ سٹی سلوشنز، سبز مقامات، سیاحت کے فروغ اور ادارہ جاتی تعاون کے ذریعے صلاحیتوں کی تعمیر کے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔
ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔ آخر میں چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہائی کمشنر کو دوستی کے یادگاری تحفے کے طور پر سووینئر پیش کیا، جو دونوں ممالک کے درمیان دیرپا تعلقات کے قیام کی علامت ہے۔