اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) نیشنل پریس کلب میں قائم موبائل آئی ہسپتال میں سینکڑوں صحافیوں نے بیوی بچوں سمیت آنکھوں کا مفت معائنہ کرایا،الشفاء ٹرسٹ آئی ہسپتال راولپنڈی کی جانب سے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں موبائل آپریشن سنٹر قائم کیا گیا تھا جہاں بیسیوں صحافیوں اور انکے اہل خانہ کو ماہر ڈاکٹروں کے مشورے پرمفت چشمے ، مفت ادویات اور مفت لیب کی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ جدید ترین مشینوں کے ذریعےسفید موتیے کے شکار مریضوں کے لیزر(فیکو)کےذریعے مفت آپریشن بھی کئے گئے اور لینز بھی مفت لگائے گئے.
تفصیلات کے مطابق نیشنل پریس کلب اورالشفاءٹرسٹ آئی ہسپتال راولپنڈی کے اشتراک سے این پی سی ممبران اور انکے اہل خانہ کیلئے دو روزہ آئی سرجیکل کیمپ نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں جاری ہے، کیمپ کے پہلے دن الشفاء ٹرسٹ آئی ہسپتال کے ماہر ڈاکٹرز نےسینکڑوں مریضوں کا طبی معائنہ کیا جبکہ مریضوں کو مفت ادویات ،مفت چشمے، مفت لیب سہولیات کے علاوہ این پی سی میں موجودموبائل آئی ہسپتال میں جدید ترین مشینوں کے ذریعےسفید موتیے کے شکار مریضوں کے لیزر(فیکو)کےذریعے آپریشن بھی کئے گئے اور مریضوں کو مفت لینز بھی لگائے گئے،سینیٹر طلحہ محمود نے کیمپ کا افتتاح کرتے ہوئے مریضوں کی دی جانے والی سہولیات کی تعریف کی اور کہا کہ نیشنل پریس کلب کی منتخب قیادت نے اپنے قائد افضل بٹ کی سربراہی میں اپنے ممبران اور انکے اہل خانہ کیلئے کیمپ کا انعقاد کرکے ثابت کیا ہے کہ وہ ممبران کی صحت کے حوالے سے واقعی سنجیدہ ہیں، کیمپ میں دی جانیوالی سہولیات عالمی معیار کے مطابق اورمفت میسر ہیں ،اس موقع پر پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ کا کہنا تھا کہ ممبران کی سہولت کیلئے اس سرجیکل کیمپ کی سہولت کی فراہمی این پی سی کے صدر اظہر جتوئی، سیکرٹری نیئر علی، فنانس سیکرٹری وقار عباسی اور منتخب کابینہ کا بہت بڑا کارنامہ ہے.
اس کیمپ میں ممبران اور انکے اہل خانہ کو ایک ہی چھت کے نیچے ساری سہولیات بلا معاوضہ دستیاب ہیں، پریس کلب کے صدر اظہر جتوئی کا کہنا تھا کہ موجودہ مصروف دور میں ہر شخص کسی نہ کسی مرض میں مبتلا ہے ، بینائی کے مسائل آجکل بہت عام ہیں کیونکہ ہر شخص چاہے وہ بچہ ہوخاتون ہو مرد موبائل اور کمپیوٹر استعمال کرتا ہے جس کا اثر انکی بینائی پر پڑتا ہے ، صحافی اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کو نبھاتے ہوئے اپنی صحت کے مسائل پر توجہ نہیں دے پاتےاسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئےاین پی سی کی قیادت نے اپنے ممبران اور انکے اہل خانہ کیلئے اس آئی سرجیکل کیمپ کا انعقاد کیا تاکہ وہ اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں، یہ کیمپ اتوار کو بھی جاری رہے گا ۔