اسلام آباد(سٹاف رپورٹر ) سی ڈی اے کا ایک اہم اجلاس چیرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوا ،اجلاس میں ممبر ایڈمن و ممبر اسٹیٹ طلعت محمود ، ممبر فنانس طاہر نعیم، ممبر پلاننگ ،ڈاکٹر خالد حفیظ،ممبر انوائرنمنٹ اسفند یار بلوچ، ممبر انجیرنگ سید نفاست رضا ،ڈی جی ریسوس، ڈائریکٹر آئی ٹی اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی،اجلاس میں وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے احکامات اور چیرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آبادمحمد علی رندھاوا کی قیادت میں سی ڈی اے میں کیش لیس نظام کے نفاذ کا فیصلہ کیا گیا۔ چیرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ سی ڈی اے کے مختلف شعبہ جات میں کیش لیس نظام متعارف کرواتے ہوئے کیو آر کوڈ کے زریعے کیش لیس نظام کا نفاذ کیا جائے بلکہ اس سلسلہ میں تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں تاکہ شہری باآسانی سی ڈی اے کی مختلف سروسز جن میں پراپرٹی ٹیکس، واٹر چارجز، زمین کی منتقلی، پارکنگ فیس اور دیگر سروسز کی ڈیجیٹل طریقے کے زریعے آن لائن ادائیگیاں کر سکیں۔
چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ کیش لیس نظام نہ صرف سی ڈی اے میں شفافیت کو فروغ دے گا بلکہ عوامی سہولیات کی فراہمی کو مزید آسان ، تیز تر اور مؤثر بنانے میں مدد گار ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ کہ اسلام آباد کو سیف سٹی سے سمارٹ سٹی بنانے کے لیے سی ڈی اے نہ صرف پر عزم ہے بلکہ اس سلسلہ میں ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں،اجلاس میں سی ڈی اے دفاتر اور سہولت مراکز پر کیو آر کوڈ کے ذریعے ادائیگیوں کا آغاز کیا جائے گا ۔اس کے علاوہ بینکوں سے شراکت کے ذریعے آن لائن پورٹل اور موبائل ایپلیکیشنز کا قیام عمل میں لایا جائے گا۔ اس کے علاوہ سی ڈی اے عملے کی تربیت اور شہریوں کے لیے آگاہی مہم کا آغاز کیا جائے گا۔
چیرمین سی ڈی اے نے ون ونڈو فسیلٹشن سنٹر کو مزید فعال بنانے کے ساتھ ساتھ کیش لیس نظام کا نفاذ کی ہدایت کی،اجلاس کے اختتام پر چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نےتمام متعلقہ شعبہ جات کو ہدایت کی کہ سی ڈی اے میں ڈیجیٹل اور کیش لیس نظام کے تحت سی ڈی اے کی مختلف سروسز کی ادائیگی کے لیے شہریوں کو جدید اور آن لائن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں۔تاکہ کیش لیس نظام کے تحت کیو آر کوڈ کے زریعے سی ڈی اے کی تمام سروسز کی ادائیگی کر سکیں گے ،سی ڈی اے مزید جدید سہولیات اور موبائل ایپلیکیشنز بھی متعارف کروائے گا تاکہ شہریوں کو گھر بیٹھے تمام سروسز تک باآسانی رسائی حاصل ہو سکے.