اسلام آباد ( سپیشل رپورٹر) کسٹم میں موجود مافیا کی آشیرباد سے 20سالوں سے ایک ہی کمپنی کو نیلامی کا ٹھیکہ دینے کا انکشاف ہوا ہے ۔اوصاف ذرائع کے مطابق علوی آکشنر نیلامی کے دوران بعض من پسند افراد کو کسٹم کا سامان نیلام کرتا ہے نئے آنے والے کاروباری شخصیات کو فارغ یا مہنگا سامان نیلام کیاجاتا ہے، ذرائع کے مطابق کلکٹریٹ آف کسٹم اسلام آباد کا اینٹی سمگلنگ سکواڈ ماہانہ کروڑوں روپے کا غیر ملکی سمگل سامان پکڑتاہے ذرائع کا کہنا ہے کہ کسٹم کے چند افسران کی آشیر باد سے گزشتہ بیس سالوں سے علوی آکشنر کا افغان گروپ اور دیگر کاروباری پٹھانوں سے مبینہ معاملات طے ہیں جب نیلامی ہوتی ہے تو اس میں چند من پسند افراد کو ہی نوازا جاتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کسٹم کی نیلامی میں چند ایک افغان گروپ بھی نیلامی میں گزشتہ بیس سالوں سے کروڑوں روپے کا سامان خریدتے ہیں جبکہ نئے آنے والی کاروباری شخصیات کے علاوہ گاڑیوں کے خریدار بھی علوی آکشنر سے معاملات طے کرکے گاڑیاں خریدتے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اس دھندے میں کسٹم کے افسران بھی مبینہ طور پر ملوث ہیں جنہوں نے بیس سالوں میں ایک ہی نیلام کرنے والی کمپنی کو ہائر کیا ہے جو کہ کلکٹر کسٹم ممبر کسٹم کے لئے لمحہ فکریہ ہے اگر بیس سالوں کی نیلامی کی لسٹ نکالی جائے تو اہم انکشاف کی توقع ہے۔ اس حوالے سے کلکٹر کسٹم اسلام آباد رضوان سلابت سے رابطہ کیا گیا ان کا کہنا تھا کہ ہم کوشش کررہے ہیں کہ کسٹم کی نیلامی ڈیجٹلائز کرسکیں اس پر کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔ باقی میں چیک کروں گا کہ اتنے عرصے سے ایک ہی آکشنر کیوں ہے۔