اسلام آباد(سٹاف رپورٹر ) چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے پاکستان پاورٹی الیوی ایشن فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نادر گل بڑیج سے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی، اس موقع پر سی ڈی اے بورڈ کے ممبر ایڈمن و اسٹیٹ طلعت محمود، ممبر فنانس طاہر نعیم، ممبر پلاننگ ڈاکٹر خالد حفیظ، ممبر انوائرمنٹ اسفندیار بلوچ اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔
ملاقات میں اسلام آباد کے پسماندہ علاقوں کی ترقی، ہنر مندی کے فروغ، روزگار کے مواقع میں اضافے اور کمیونٹی کی شمولیت کو یقینی بنانے کیلئے مشترکہ منصوبے شروع کئے جانے پر گفتگو کی گئی۔ چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے کہا کہ پائیدار شہری ترقی اور سماجی فلاح و بہبود کے بغیر شہر کی خوشحالی ممکن نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی ڈی اے اسلام آباد کے شہریوں کی زندگیوں میں بہتری لانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے اور اس سلسلے میں تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے تیار ہیں۔
پاکستان پاورٹی الیوی ایشن فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نادر گل نے چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد کی قیادت میں سی ڈی اے کی جانب سے اسلام آباد کی ترقی اور خوشحالی کیلئے کی گئی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے اس مشن میں سی ڈی اے کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ دونوں ادارے مل کر غربت کے خاتمے کیلئے مؤثر اقدامات کریں گے۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں اداروں نے باہمی کوارڈینیشن کو موثر بنانے پر اتفاق کیا تا کہ اسلام آباد شہر میں غربت کی تخفیف کیلئے عملی منصوبے کا آغاز کیا جا سکے۔ جس کا مقصد شہر کے پسماندہ طبقات کی زندگیوں میں بہتری لانا اور انہیں معاشی طور پر مستحکم بنانا ہوگا۔ ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ سی ڈی اے پاکستان پاورٹی الیوی ایشن فنڈ مل کر اسلام آباد کو ایک مزید بہتر اور خوشحال شہر بنانے کیلئے کام کریں گے.