اسلام آبا د(سٹاف رپورٹر )چیئرمین سی ڈی اے اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر عملدرآمد کرتے ہوئے، سی ڈی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل (انفورسمنٹ) اور ڈائریکٹر ڈی ایم اے ڈاکٹر انعم فاطمہ کی نگرانی میں ضلعی انتظامیہ اور اسلام آباد پولیس کی معاونت سے اسلام آباد شہر بالخصوص جی ٹی روڈ ترنول اور ٹی چوک تا روات کے اطراف بڑے پیمانے پر انسداد تجاوزات آپریشن تسلسل کے ساتھ جاری ہےتفصیلات کے مطابق جی ٹی روڈ پر غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کے خلاف آپریشن کرتے ہوئے سرکاری اراضی کو سنگجانی ٹول پلازہ تک 80 فیصد سے زائد علاقے کو غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات سے پاک کردیا گیا ہے۔ واضح رہے ٹول پلازہ سے آئی سی ٹی حدود تک سڑک کے ایک طرف سے چھ کلومیٹر کے علاقے میں ستر فیصد تک صفائی کا عمل پایہ تکمیل کو پہنچا ہے۔ اسی طرح تعمیراتی مواد کے ڈمپنگ پوائنٹ کو بھی صاف کیا جا رہا ہے جس کیلئے ایم پی او ڈائریکٹوریٹ کے تعاون سے تعمیراتی ملبہ کو اٹھانے کا انتظام کیا گیا ہے۔ کارروائی کے دوران متعدد دکانیں اور ہوٹلز جن میں پاک خیبر شنواری بھی شامل ہے، سربمہر کرتے ہوئے مالکان کو نوٹسسز بھی جاری کردئیے گئے ہیں جبکہ کارروائیوں کے دوران پندرہ افراد کو حراست میں لیتے ہوئے 18 دکانیں اور ریستورانز کو سربمہر کردیا گیا جبکہ آٹھ ڈمپرز ضبط بھی کر لئے گئے۔ اس موقع پر سی ڈی اے انتظامیہ نے کہا کہ غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کے خلاف یہ کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رہے گیں تاکہ سر زمین اسلام آباد کو ہر کسی کی غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات سے پاک رکھا جاسکے۔
مزید برآں، انسداد تجاوزات آپریشن کے دوران روات، ٹی چوک کے اطراف تقریبا 6.5 کلومیٹر میں سے 3.5 کلومیٹر کا علاقہ کلئیر کردیا گیا ہے۔ اور آج آپریشن کے دوران 38 غیر قانونی زیر تعمیر ڈھانچے بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کردئیے گئے اور 18 سائن بورڈ بھی ہٹا دئیے گئےاس موقع پر کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) انتظامیہ نے کہا کہ شہر کی خوبصورتی اور منظم منصوبہ بندی کیلئے غیر قانونی قبضوں کے خلاف کارروائیاں انتہائی ضروری ہیں اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ اس سلسلہ میں شہریوں سے تعاون کی اپیل کی گئی ہے کہ وہ انسداد تجاوزات مہم میں متعلقہ محکموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور کسی بھی غیر قانونی قبضے کی صورت میں متعلقہ حکام کو فوراً اطلاع دیں.