سی ڈی اے نے F-9 پارک اسلام آباد میں ایتھوپین ایمبیسی کی ‘پلانٹ فراٹرنٹی’ مہم کی میزبانی کی

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے انوائرمنٹ ونگ نے “پلانٹ فراٹرنٹی” مہم (شجرکاری کے ذریعے بھائی چارے کو فروغ دینا) کے آغاز کے موقع پر فاطمہ جناح پارک، F-9، اسلام آباد میں ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال بیکر عبداللہ کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد کی میزبانی کی۔ یہ تقریب اسلام آباد میں واقع ایتھوپین ایمبیسی اور ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ نیٹ ورک آف پاکستان (ایچ آر ڈی این) کے اشتراک سے منعقد کی گئی۔ اس اقدام کو پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان ماحولیاتی تعاون کو بڑھانے اور دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم قدم سمجھا جا رہا ہے درخت لگانے کی تقریب میں شہریوں کی کثیر تعداد نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، جس نے دونوں ممالک کے درمیان ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے اور باہمی عوامی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کی علامت قرار پایا۔

ایتھوپیا کے سفیر ڈاکٹر جمال بیکر عبداللہ نے کہا کہ پاکستان ان ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں، حالانکہ عالمی کاربن اخراج میں اس کا حصہ نہ ہونے کے برابر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایتھوپیا کی حکومت نے موسمیاتی تبدیلی کے خلاف جنگ میں یکجہتی کے اظہار کے طور پر اپنا وفد پاکستان بھیجا ہے۔ انہوں نے کہا کہ “’پلانٹ فراٹرنٹی‘ مہم ہماری حکومت کی جانب سے ایک تحفہ ہے، جس کے تحت ہم پاکستان کے ساتھ ہمارے وزیر اعظم جناب ڈاکٹر ابی احمد کے گرین لیگسی پروگرام کی کامیاب تجربات کا تبادلہ کرنا چاہتے ہیں۔سفیر ڈاکٹر جمال بیکر عبداللہ نے مزید کہا کہ گرین لیگسی انیشیٹو کے تحت ایتھوپیا نے گزشتہ چھ سالوں میں 41.2 ارب سے زیادہ پودے لگا کر گرین ایریاز کو فروغ دینے، جنگلات کی کٹائی، خوراک کی عدم تحفظ، بے روزگاری اور غربت جیسے مسائل کو حل کیا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل انوائرمنٹ، سی ڈی اے، اویس تارڑ نے ایتھوپیا کی ایمبیسی کی اس مہم کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف دوطرفہ تعلقات مضبوط ہوں گے بلکہ اسلام آباد کے سبز ترقیاتی ایجنڈے میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے دارالحکومت میں جنگلات کی توسیع اور شجرکاری کیلئے جامع اقدامات کر رہی ہے جس میں مقامی برادری کی فعال شمولیت یقینی بنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں برس شجرکاری مہم کے تحت شہر بھر میں مجموعی طور پر ابتک 149٫200 ماحول دوست پودے لگائے جاچکے ہیں جبکہ 427,600 سیڈز بالز پھینکے گئے اور 1,620,301 سیڈز بوئے گئے ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد اسلام آباد کو مزید سرسبز و شاداب اور خوبصورت شہر بنانا ہے تاکہ شہر کے ماحول کو محفوظ بنایا جا سکے ایچ آر ڈی این کی چیف ایگزیکٹو آفیسر محترمہ روبیلہ بنگش نے موسمیاتی کارروائیوں میں نوجوانوں کے کردار پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو شجرکاری مہمات میں بھرپور طریقے سے حصہ لینا چاہیے، جو کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات کو کم کرنے اور آنے والی نسلوں کیلئے صحت مند مستقبل کو یقینی بنانے کیلئے انتہائی ضروری ہیں واضح رہے کہ “پلانٹ فراٹرنٹی” مہم (شجرکاری کے ذریعے بھائی چارے کو فروغ دینا) پاکستان اور ایتھوپیا کے درمیان ماحولیاتی استحکام اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی کو گہرا کرنے کے مشترکہ عزم کی عکاس ہے.