اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی ہدایت پر سیدپور ماڈل ویلج میں انسداد تجاوزات مہم بھرپور طریقے سے جاری ہے.اب تک کی جانے والی والی کارائیوں میں سیدپور ماڈل ویلج میں غیر قانونی قبضہ کی گئ 370 کنال سرکاری اراضی میں سے 210 کنال سرکاری اراضی غیر قانونی قابضین سے مکمل طور واگزار کروائی جاچکی ہے۔ انسداد تجاوزات آپریشن کا مقصد سیدپور ماڈل ویلج سے غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کے مکمل خاتمے کو یقینی بنانا ہے۔ آپریشن کی نگرانی ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل انفورسمنٹ ڈاکٹر انعم کر رہی ہیں سید پور ماڈل ویلج سے تجاوزات کے خاتمے کے لئے آپریشن جمعرات کے روز بھی جاری رہا اور تجاوزات کنندگان کے خلاف بھر پور کاروائیاں عمل میں لائی گئیں۔ جمعرات کے روز کی جانے والی کاروائیوں میں 11 غیر قانونی رہائشی مکانات اور 12 دکانوں کے ڈھانچے بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کردئیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق اب تک کی جانے والی انسداد تجاوزات کاروائیوں میں سیدپور کے علاقے میں 370 کنال سرکاری اراضی میں سے 210 کنال سرکاری اراضی مکمل طور واگزار کروائی جاچکی ہے۔
انفورسمنٹ ونگ کی جانب سے سید پور کے علاقے میں غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کے خاتمے کو یقینی بنانے کیلئے کارروائیوں کے دوران ان تمام غیر قانونی تعمیرات کے ڈیٹا اکٹھا کرنے کی ہدایت کی گئی جنہیں نوٹس جاری کئے جانے کے باوجود اب تک خالی نہیں کیا گیا ہےسی ڈی اے انتظامیہ کا کہنا تھا کہ غیر قانونی قابضین کے خلاف کارروائیاں تسلسل کے ساتھ آئندہ دنوں میں بھی جاری رہے گی تاکہ سیدپور کی سرکاری اراضی کو تمام غیر قانونی قبضوں سے مکمل طور پر پاک کیا جاسکے تاکہ شہر کی خوبصورتی اور اسکی منصوبہ بندی کو مزید بہتر کیا جاسکے گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سید پور ماڈل ویلج کا دورہ کیا اور غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کا جائزہ لیتے ہوئے وہاں جاری اپ گریڈیشن و بیوٹفکیشن کے کاموں پر پیشرفت کا جائزہ بھی لیا اور سید پور ویلج میں غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کے خلاف بلا تفریق کارروائی جاری رکھنے کی ہدایت بھی کی۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ ملک کی معروف فوڈ چینز کے آؤٹ لیٹس کو یہاں لایا جائے گا جس سے نہ صرف روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونگے بلکہ اسلام آباد بالخصوص علاقے کی خوبصورتی میں بھی اضافہ ہوگا اور شہریوں کو نیا تفریحی مقام بھی میسر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ سید پور ویلج کو بین الاقوامی معیار کا تفریحی مرکز بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔
اس ضمن میں سی ڈی اے انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ انسداد تجاوزات مہم میں ادارے کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور کسی بھی غیر قانونی قبضے کی صورت میں متعلقہ حکام کو فوری اطلاع دیں۔