اسلام آبا د(سٹاف رپورٹر ) چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اسلام آباد میں صفائی ستھرائی کے بہترین نظام اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ڈی اے کے ممبر ایڈمن و اسٹیٹ طلعت محمود، انجینئرنگ سید نفاست رضا، ممبر پلاننگ ڈاکٹر خالد حفیظ، اور ممبر انوائرمنٹ اسفندیار بلوچ سمیت ڈائریکٹر جنرل پی اینڈ سی، ڈائریکٹر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، پراجیکٹ ڈائریکٹر سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سمیت دیگر سنئیر افسران نے شرکت کی اجلاس میں اسلام آباد کے شہری و دیہی علاقوں میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کے حوالے جائزہ لیا گیا ۔
اجلاس کو بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اسلام آباد کو دو مختلف پیکیجز میں تقسیم کیا گیا ہے پہلا پیکج سیکٹر و شہری علاقوں پر مشتمل ہوگا جس میں زون 1، 2 اور 3 کے علاقے جات شامل ہیں۔ جبکہ دوسرا پیکج دیہی علاقوں پر مشتمل ہوگا جس میں زون 4 اور 5 کے علاقے جات شامل کئے گئے ہیں۔ اجلاس میں بریفننگ دیتے ھوئے بتایا گیا کہ رہائشی علاقوں کیلئے دو بن نظام متعارف کرایا جائے گا چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ مراکز اور کمرشل علاقوں کیلئے تین بِن نظام کا فیزیبلٹی کرانے کے بعد اسے عملی شکل دی جائے چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ باضابطہ بڈز کے اجراء کے عمل کو تیز کیا جائے۔ اجلاس میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں کے انتخاب کے معیار پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ یہ بڈنگ کا عمل مکمل طور پر، شفاف، میرٹ اور اوپن مقابلے پر مبنی ہو تاکہ زیادہ سے زیادہ اعلیٰ معیار کی حامل قومی و بین الاقوامی کمپنیاں حصہ لے سکیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منتخب ہونے والی کمپنیاں مالیاتی طور پر مضبوط ہوں۔
چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ پنجاب اور دوسرے صوبوں کے کامیاب ماڈلز کی روشنی میں سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے عمل کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ اسلام آباد میں گندگی پھیلانے والے عناصر پر جرمانہ عائد کرنے کا نظام متعارف کرایا جائے۔ انہوں نے میٹریل ریکوری فیسیلٹی (ایم آر ایف) پر چھانٹ کے عمل کو بھی شامل کرنے کی ہدایت کی اور ہدایت کی کہ سبزی منڈی میں گرین ویسٹ کو الگ کرنے کا نظام قائم کیا جائے اجلاس میں بریفننگ دیتے ھوئے بتایا گیا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ نظام کی موثر مانیٹرنگ کے لیے کنٹرول روم قائم کیا جائے گا جہاں سے دونوں پیکیجز کی نگرانی کا انتظام ہوگا چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ تمام تر اقدامات کو بروقت طریقے سے مکمل کیا جائے تاکہ دارالحکومت اسلام آباد کے شہریوں کو اعلیٰ معیار کے مطابق ستھرائی کا بہترین نظام فراہم کیا جاسکے.