سی ڈی اے نے الیکٹرک اور میڑو بسوں کے روٹس و سٹاپز کی گوگل میپس پر مکمل معلومات کے لئے سرکاری موبائل ایپلیکیشن “سی ڈی اے موبائل ایپ” کا اجراء کردیا

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اسلام آباد میں میٹرو و فیڈر الیکٹرک بسوں کی معلومات اور تفصیلات گوگل میپ پر فراہم کرنے کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبر ایڈمن و اسٹیٹ طلعت محمود، ممبر پلاننگ ڈاکٹر خالد حفیظ سمیت این آر ٹی سی اور متعلقہ سینئر افسران نے شرکت کی اجلاس کو میٹرو اور فیڈر الیکٹرک بسوں کے آپریشنز اور اسلام آباد کے شہریوں کیلئے جدید سفری سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے تفصیلی بریفننگ دی گئی اجلاس کو بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا ہے کہ سی ڈی اے نے اپنی سرکاری موبائل ایپلیکیشن “سی ڈی اے موبائل” کا اجراء کردیا ہے شہری پلے اسٹور اور ایپل ایپ اسٹور سے درج ذیل لنکس کے ذریعے ایپلیکیشن ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔
گوگل پلے اسٹور:- https://play.google.com/store/apps/details?id=com.kentkart.cdamobile&pcampaignid=web_share
ایپل ایپ اسٹور:-
https://apps.apple.com/pk/app/cda-mobile-app/id6748020370 ۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ سی ڈی اے موبائل ایپ کی اہم خصوصیات میں سفر کی پلاننگ کا فیچر صارفین کو ان کے سفر کی بہتر منصوبہ بندی میں مدد فراہم کرتا ہے، جسمیں مقامات کے درمیان تخمینی سفر کے اوقات شامل ہیں۔ ایپلیکیشن میں سیاحت کے حوالے سے رہنمائی بھی مہیا کی گئی ہے، جس میں قریبی مقامات اور دلچسپ مقامات شامل ہیں تاکہ سیاح اسلام آباد کے اہم مقامات کے بارے میں بہتر معلومات اور سفری منصوبہ بندی کرسکیں اجلاس کو بتایا گیا کہ اس خصوصی ایپلیکیشن میں اہم اعلانات اور اطلاعات کو فوری طور پر صارفین تک پہنچانے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے، جس میں روٹ میں تبدیلیوں اور دیگر اہم معلومات کا اعلان کیا جاسکے گا۔ روٹس کے فیچر کے ذریعے صارفین اسلام آباد میں موجود تمام فعال روٹس کی معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ گوگل میپس کے ساتھ مربوط ڈیٹا صارفین کو روٹ maps اور اسٹاپس کی تفصیلات فراہم کرتا ہے۔واضح رہے ٹرانزٹ میپ اور شیڈولز کی تفصیلات سی ڈی اے کی سرکاری ویب سائٹ https://www.cda.gov.pk/public/cdaTransitMap پر بھی دستیاب ہیں، جہاں سے صارفین روٹ کے اوقات اور اسٹاپس کی مکمل معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔

سی ڈی اے مستقبل میں آنے والی مزید سروسز و سہولیات پر بھی کام کر رہی ہے، جن میں گوگل میپس پر رئیل ٹائم ٹریکنگ اور موبائل والٹس کو فعال کیا جائے گا۔ اسی طرح جلد ہی صارفین کرایہ کی ادائیگی موبائل ایپ کے ذریعے بھی کر پائیں گے، اجلاس کو بتایا گیا کہ موبائل ایپ کے ذریعے کرایہ کی ادائیگی کے فیچر پر تیزی سے کام جاری ہے جسکو جلد ہی آپریشنل کردیا جائے گا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ مسافروں کیلئے اے ٹی ایم، ماسٹر، ویزہ اور دیگر کارڈز بشمول بینکنگ ایپس، ایزی پیسہ، جیز کیش سمیت کیو آر کوڈ جنریٹ کرکے بھی خود کار کرایہ کی ادائیگی کے نظام کو ممکن بنایا جائے اجلاس کو بتایا گیا کہ ایپلیکیشن کا مکمل ورژن فی الحال ڈویلپمنٹ کے تکمیلی مرحلے میں ہے جسکو جلد ہی مکمل ورژن کے ساتھ اس ایپلیکیشن کو صارفین کی سہولت کیلئے لائیو کردیا جائے گا چیئرمین سی ڈی اے نے اجلاس میں ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام الیکٹرک بسیں اور ان کے روٹس، اسٹیشنز اور آمد و رفت کی مکمل معلومات اور تفصیلات گوگل میپ پر فراہمی کیلئے مؤثر تشہیر و عوامی آگہی پیدا کی جائے تاکہ شہریوں کو جدید ترین ماحول دوست اور ائر کنڈیشنڈ سفری سہولیات تک بہتر رسائی حاصل ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد شہریوں کو گھر بیٹھے الیکٹرک بسیں سے متعلق مکمل معلومات فراہم کرنا ہے تاکہ وہ گھر بیٹھے ہی اپنے سفر کی بہترین منصوبہ بندی کرسکیں اور اس سلسلہ میں کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ الیکٹرک بس سروس کا معیار مزید بہتر بنانے کے خواہاں ہیں اور اسے بین الاقوامی معیارات کے مطابق بڑھانے کیلئے ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مزید ایسے روٹس کا انتخاب کیا جائے جہاں مسافروں کا رجحان اور رائیڈر شپ زیادہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ فیڈر بسوں کی روزانہ کی رائیڈر شپ میں اضافہ کے ساتھ ساتھ عوامی فیڈ بیک کی روشنی میں نئے روٹس پر بھی کام کیا جائے اور زیرہ پوائنٹ پر زیر تعمیر ڈپو کو بھی جلد از فعال کیا جائے تاکہ پورے اسلام آباد شہر میں باقی ماندہ روٹس پر بھی الیکٹرک بسوں کے ذریعے شہریوں کی سہولیات کیلئے آپریشنل کیا جاسکے تاکہ اسلام آباد کے شہریوں کو بین الاقوامی معیار کی سفری سہولیات فراہم کی جاسکیں۔

چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ گوگل میپ پر تمام بسیں نمایاں رنگوں اور اسٹاپس کی تفصیلات آسان معلومات کے ساتھ دی جارہی ہیں تاکہ عام مسافروں کیلئے ان بسوں کے روٹس اور آمد کے اوقات کار کی جان کاری اور سفر کا تعین کرنے میں آسانی ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کو جدید ترین ٹرانسپورٹ سہولیات فراہم کرنا سی ڈی اے کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس مقصد کے حصول کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف شہریوں کے سفر کو آرام دہ اور محفوظ بنائے گا بلکہ ماحولیاتی آلودگی میں بھی نمایاں کمی لانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔ الیکٹرک بسیں نہ صرف پٹرول اور ڈیزل کے متبادل کے طور پر کام دیں گی بلکہ شہریوں کو آسان، معیاری اور پرسکون سفر کی سہولت بھی فراہم کریں گی چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اس سروس کو جدید ترین ٹیکنالوجی اور بین الاقوامی بہترین طریقوں کے مطابق ترقی دے رے ہیں تاکہ مسافروں کو مزید آرام اور بہترین سہولیات میسر آسکے۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے کا عزم ہے کہ وہ شہریوں کو ایک بہترین، محفوظ اور جدید ٹرانسپورٹ سسٹم فراہم کرے اور اس حوالے سے ہم دن رات مصروف عمل ہیں۔