اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر) چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ممبر ایڈمن و اسٹیٹ طلعت محمود گوندل، ممبر انوائرنمنٹ اسفند یار بلوچ، ممبر پلاننگ و ڈیزائن خالد حفیظ، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل انفورسمنٹ سمیت دیگر افسران نے شرکت کی اجلاس میں اسلام آباد میں رین واٹر ہارویسٹنگ کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس منصوبے کو ابتدائی طور پر اسلام آباد میں قابل عمل بنایا جائے گا اور بعد ازاں اس کا دائرہ ملک کے دیگر شہروں تک بڑھایا جائے گا۔ اجلاس کو مزید آگاہ کیا گیا کہ اسلام آباد میں رین واٹر ہارویسٹنگ منصوبے کی ویٹنگ مکمل ہو چکی ہے اور اب شہریوں کو اس حوالے سے آگاہی فراہم کی جائے گی تاکہ بارشی پانی کو زمین میں دوبارہ ذخیرہ کرنے کا عمل مؤثر بنایا جا سکے۔
اجلاس میں اسلام آباد میں جنگلی شہتوت کے درختوں کے خاتمے اور شجر کاری مہم کے امور پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ شہریوں کو الرجی اور دیگر صحت کے مسائل سے بچانے کے لیے جنگلی شہتوت کے درختوں کی تلفی کا عمل مرحلہ وار جاری ہے۔ اس سلسلے میں فیصلہ کیا گیا کہ شفافیت یقینی بنانے کے لیے اس عمل کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کسی معتبر، قابل اعتماد اور معروف ادارے کے ذریعے کرائی جائے گی تاکہ اس کی غیر جانبدارانہ تصدیق ممکن ہو اجلاس میں شجر کاری مہم کے حوالے سے فیصلہ کیا گیا کہ جی ٹی روڈ کے ساتھ ساتھ وہ تمام علاقے جہاں حالیہ انسداد تجاوزات کارروائیوں کے دوران غیر قانونی قابضین سے زمین واگزار کرائی گئی ہے، وہاں بڑے پیمانے پر درخت لگائے جائیں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شاہراؤں کے اطراف شجر کاری کے تمام تقاضے اور پروٹوکول مکمل کیے جائیں تاکہ پودوں کی بہتر افزائش اور طویل المدتی تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ اسلام آباد کو سرسبز و شاداب بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جہاں کہیں بھی زمین قبضہ مافیا سے واگزار کرائی گئی ہے، وہاں فوری طور پر شجر کاری کی جائے تاکہ خالی مقامات کو سرسبز بنایا جا سکے۔
چیئرمین نے متعلقہ محکموں کو مزید ہدایت دی کہ شجر کاری مہم کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کی جائے، پودوں کی دیکھ بھال اور نگرانی کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں اور عوام کو بھی اس قومی مہم میں شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے اسلام آباد کو ماحولیاتی لحاظ سے محفوظ، صحت مند اور خوبصورت شہر بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گا.