اسلام آباد میں 30 مقامات پر مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کرنے کا فیصلہ شہر کو فری وائی فائی سٹی بنانے کی تیاریاں

اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر) وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کے وژن اور وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی کے احکامات کی روشنی میں اسلام آباد کے شہریوں کو مفت وائی فائی کی سہولت فراہم کی جائیں گی۔ اس سلسلہ میں پیر کے روز چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں ایم ڈی نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن (این ٹی سی) میجر جنرل (ر) علی فرحان سمیت سی ڈی اے کے ممبر فنانس طاہر نعیم، ممبر پلاننگ ڈاکٹر خالد حفیظ، ممبر انجنئیرنگ سید نفاست رضا، ڈائیریکٹر آئی ٹی اور دیگر سنئیر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ابتدائی طور پر اسلام آباد کے تیس مختلف مقامات پر شہریوں کے لیے فری وائی فائی کی سہولت فراہم کی جارہی ہے۔ ان تیس مختلف مقامات میں اہم مراکز، میٹرو و الیکٹرک فیڈر بس اسٹیشنز، پارکس، سمیت ایسے مقامات جہاں پر رش زیادہ ہوتا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری مفت وائی فائی کی سہولت سے مستفید ہوسکیں۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس سلسلہ میں سی ڈی اے کی ٹیکنیکل ٹیم این ٹی سی کو مکمل معاونت فراہم کرے گی انہوں نے ہدایت کی کہ اس نظام کو خود انحصار بنانے کیلئے بہترین مارکیٹنگ ماڈل بھی تشکیل دیا جائے اور اس سے حاصل ہونے والی آمدنی کو اسی نظام کے مرمتی کاموں پر استعمال میں لائی جائے اجلاس کو بتایا گیا کہ اس نظام کے آپریشن و مینٹیننس این ٹی سی کی زمہ داری ھو گی۔ اجلاس کو یہ بھی بتایا گیا کہ اس نظام کے تحت جلد ہی اسلام آباد شہر کو فری وائی فائی سٹی میں تبدیل کردیا جائے گا۔

چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ اسلام آباد شہر کو ڈیجٹلائزڈ اور فری وائی فائی سٹی بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اور اس سلسلہ میں تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں تاکہ شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کو تسلسل کے برقرار رکھا جاسکے۔