اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد کی ہدایات پر سی ڈی اے کے ممبر فنانس طاہر نعیم نے سہہ روزہ بین الاقوامی چائنیز ماہرین کی ٹیم، بلیو اسکائی ریسکیو انٹرنیشنل کے تعاون سے اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں سوئفٹ واٹر ریسکیو تربیتی پروگرام کا بطور مہمان خصوصی افتتاح کیا۔ تقریب میں ایمرجنسی و ڈیزاسٹر مینجمنٹ، فائر بریگیڈ سمیت ریسکیو 1122 کے سنئیر افسران و عملے نے شرکت کی سوئفٹ واٹر ریسکیو تربیتی پروگرام میں سات رکنی چینی ماہرین کی ٹیم، جس کی قیادت بلیو اسکائیو ریسکیو ٹیم کے کمانڈر ژونگ یانگ کر رہے ہیں، نے مقامی عملے کی ریسکیو آپریشنز کی صلاحیت بڑھانے کیلئے تربیت فراہم کی۔ یہ تربیتی پروگرام اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ بین الاقوامی تعاون اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی تعمیر کے ذریعے دارالحکومت اسلام آباد کو محفوظ اور کیپیٹل ایمرجنسی سروسز کو مزید فعال بنایا جاسکے۔
سہہ روزہ تربیتی سیشن 27 سے 29 اگست تک جاری رہے گا جس میں مون سون کے موسم اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر فوری رسپانس کی تکنیکوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی سی ڈی اے کے ممبر فنانس طاہر نعیم نے افتتاحی تقریب میں چائنیز ٹیم کو پاکستان آنے پر خوش آمدید کہا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی، دوستانہ اور سٹریٹجک تعلقات قائم ہیں۔ اس طرح کے تربیتی پروگرام سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون و تعلقات کو مزید تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کے پیش نظر، ریسکیو و ایمرجنسی عملے کی تربیت انسانی جانوں کے تحفظ کیلئے انتہائی اہمیت کی حامل ہے کیپیٹل ایمرجنسی سروس کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عبدالرحمٰن نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلیو اسکائی ریسکیو ٹیم کی پاکستان میں آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں غیر معمولی مون سون بارشیں، قدرتی آفات اور مختلف ایمرجنسی واقعات ریسکیو عملے کی مزید تیاری اور رسپانس کی صلاحیت کو بڑھانے کا تقاضا کرتے ہیں اور اس حوالے سے یہ ٹریننگ انتہائی مفید ثابت ہوگی۔
کمانڈر بلیو اسکائی ریسکیو ٹیم ژونگ یانگ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی ہے اور وہ گزشتہ برس بھی لاہور میں بھی ریسکیو ٹریننگ میں حصہ لے چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان کی ٹیم نہ صرف پاکستان بلکہ کئی ممالک کے ریسکیو و ایمرجنسی سروسز کے عملے کی تربیت کر چکے ہیں اور وہ پاکستانی عملے کی استعداد و صلاحیت بڑھانے کیلئے انتہائی پرعزم ہیں واضح رہے اس تربیتی پروگرام کے انعقاد کا مقصد سی ڈی اے کے عملے کی استعداد کار و صلاحیت کو اس سطح تک بڑھانا ہے کہ وہ کسی بھی ایمرجنسی صورتحال میں خاص کر سیلابی و تیز پانی کی ایمرجنسی صورت حال میں فوری اور مؤثر رسپانس دے سکیں۔ سی ڈی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایسی تربیتی پروگرام کو جاری رکھا جائے گا تاکہ شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا جاسک.ے