ڈائریکٹر جنرل ایف جی ای ہاؤسنگ اتھارٹی کا ادارے میں ڈسپلن کے قیام کے لیے مؤثراور سخت اقدامات

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائیز ہاؤسنگ اتھارٹی، کیپٹن (ر) ظفر اقبال نے ادارے کے اندر نظم و ضبط کو یقینی بنانے اور بلاوجہ غیر حاضری، غیر مجاز چھٹیوں اور ڈسپلن کی خلاف ورزیوں کے تدارک کے لیے نہایت جرات مندانہ اور مثالی قدم اٹھایا ہے، ادارے کے چار ملازمین، جن میں ملازم حسین (اسسٹنٹ)، مہدی علی (سٹینو ٹائپسٹ)،ہدایت اللہ (سیکیورٹی گارڈ)، اور سلمان ظفر ( نائب قاصد) شامل ہیں، ان ملازمین کو بارہا تنبیہ کے باوجود ڈسپلن کی سنگین خلاف ورزی اور غیر مجاز غیر حاضری پر فوری طور پر ملازمت سے برطرف کر دیا گیا ہے، اسی طرح دو دیگر ملازمین کو سرکاری قواعد کے تحت وارننگ جاری کرتے ہوئے مائنر پنلٹی (Censure) عائد کی گئی ہے، تاکہ آئندہ وہ ڈسپلن کی کسی بھی خلاف ورزی سے باز رہیں۔

ڈائریکٹر جنرل نے اس موقع پر ایڈمنسٹریشن کو سختی سے ہدایت دی ہے کہ ادارے کے اندر کسی بھی ملازم کی بلاوجہ غیر حاضری، فرائض کی ادائیگی میں غفلت، ڈسپلن کی خلاف ورزی یا کرپشن کے واقعات ہرگز برداشت نہ کیے جائیں، اور ایسی صورت میں متعلقہ افراد کے خلاف بھی اسی نوعیت کی سخت اور فوری کارروائی عمل میں لائی جائے، یہ اقدام نہ صرف ادارے کے اندر ایک مثالی ڈسپلن کے قیام کی طرف ایک بڑا قدم ہے بلکہ یہ پیغام بھی دیتا ہے کہ سرکاری اداروں میں عوامی وسائل کے تحفظ اور شفافیت کو ہر حال میں یقینی بنایا جائے گا، کیپٹن (ر) ظفر اقبال کی یہ جرات مندانہ کارروائی اس بات کا عملی ثبوت ہے کہ ایف جی ای ہاؤسنگ اتھارٹی میں قانون، نظم و ضبط اور شفافیت کو ہر قیمت پر مقدم رکھا جائے گا۔

یہ توقع کی جاتی ہے کہ اس طرح کے اقدامات ادارے کے دیگر ملازمین کے لیے بھی تنبیہ اور سبق کا باعث ثابت ہوں گے، اور وہ اپنی سرکاری ذمہ داریوں کو زیادہ لگن، دیانت داری اور محنت کے ساتھ سرانجام دیں گے، کیونکہ ایک مضبوط، دیانت دار اور ڈسپلن پر قائم ادارہ ہی عوامی اعتماد حاصل کر سکتا ہے.