اسلام آبا د(سٹاف رپورٹر )چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ڈی اے بورڈ کے ممبر ایڈمن و اسٹیٹ طلعت محمود، ممبر فنانس طاہر نعیم، ممبر انجنئیرنگ سید نفاست رضا، ممبر پلاننگ ڈاکٹر خالد حفیظ، ڈی جی ورکس، ڈی جی بلڈنگ کنٹرول، چیف آفیسر ایم سی آئی سمیت دیگر سنئیر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں اسلام آباد شہر میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے شہریوں کو درپیش مسائل کے فوری حل کے ساتھ نئے و جاری منصوبوں کے اعلیٰ معیار اور بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
اجلاس کو بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ شاہین چوک پر انڈر پاس کی تعمیر کے حوالے سے بڈنگ کے عمل کو مکمل کر لیا گیا ہے۔ اجلاس میں شاہین چوک انڈر پاس کے تفصیلی ڈیزائن پر بریفننگ دی گئی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ منصوبہ کی تعمیراتی سرگرمیوں کے دوران ٹریفک کے بہاؤ کو رواں دواں رکھنے کیلئے متبادل ٹریفک پلان مرتب کیا جائے اور فاطمہ جناح پارک سے ملحقہ جگہ پر شہریوں اور یونیورسٹی کے طلباء کیلئے عارضی کار پارکنگ کے انتظامات بھی کئے جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بارشوں کی صورتحال کے پیش نظر رکھتے ہوئے منصوبہ کے سنگ بنیاد اور آغاز سے متعلق تمام انتظامات کو جلد حتمی شکل دی جائے ، اجلاس میں ٹی چوک روات پر فلائی اوور کے منصوبے پر تفصیلی بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ بڈنگ کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ ٹی چوک، روات فلائی اوور منصوبے پر مستقل بنیادوں پر ایل ای ڈی لائٹس اور ایس ایم ڈیز کی تنصیب کی جائے۔
اجلاس میں فیض آباد انٹرچینج کے مقام پر ٹریفک کے مسائل کو حل کرنے کیلئے اس منصوبے کے ڈیزائن کی ری ماڈلنگ کا جائزہ لیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ فیض آباد انٹرچینج پر ڈیزائن کی ری ماڈلنگ ایسی کی جائے کہ مستقل بنیادوں پر ٹریفک کے مسائل کو حل کیا جائے اجلاس کو بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اسلام آباد شہر میں روشنی کے مناسب اور جدید انتظامات کو یقینی بنانے کیلئے سری نگر ہائی وے تا نیو انٹر نیشنل ایئرپورٹ، فیض آباد تا شاہ فیصل مسجد، مارگلہ روڈ F-5 تا F-11 تک کی مرکزی شاہراہوں پر ایل ای ڈی لائٹس کی تنصیب کا کام جاری ہے اور اسلام آباد کی مرکزی شاہراہوں پر پرانی و ناکارہ لائٹس کو نئی جدید اور خوبصورت ایل ای ڈی لائٹس سے ترجیحی بنیادوں پر تبدیل کیا جا رہا ہے۔ اجلاس کو بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ دارالحکومت اسلام آباد میں اب تک 1419 ایل ای ڈی لائٹس کی تبدیلی کا عمل کیا جاچکا ہے جبکہ باقی ماندہ لائٹس بھی رواں ماہ میں تبدیل کر دی جائیں گی۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ اسلام آباد میں ایف نائن پارک اور باقی پارکس میں لائٹس و پولز کی تنصیب جلد مکمل کی جائے ، اجلاس میں سی ڈی اے نرسری کو “گارڈینیا حب” بنانے کے منصوبے پر ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ بریفننگ دیتے ہوئے اجلاس کو بتایا گیا کہ سی ڈی اے نرسری کو “گارڈینیا حب” کے طور اپ گریڈ کیا جاچکا ہے جسمیں گرین ہاؤس اور فلاور شاپس کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ سی ڈی اے نرسری میں ڈپلومیٹک کمیونٹی اور انکے لئے شجرکاری کیلئے مخصوص جگہ مختص کی جائے۔
بریفننگ دیتے ہوئے اجلاس کو بتایا گیا کہ ایکسپریس ہائی وے پر واقع قبرستانوں کی اپ لفٹنگ سمیت باؤنڈری والز کا کام جلد مکمل کرلیا جائے گا چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے اور شہریوں کو معیاری سہولیات فراہم کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں اور ان منصوبوں کی بروقت کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے پاکستان کے دارالخلافہ اسلام آباد کو ایک جدید، خوبصورت اور مثالی شہر بنایا جاسکے گا .