اسلام آباد میں تین نئے ماڈل قبرستانوں کے قیام کا فیصلہ، چیئرمین سی ڈی اے کی زیر صدارت اہم اجلاس میں متعدد اقدامات کی منظوری

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سی ڈی اے بورڈ کے ممبر انجنئیرنگ سید نفاست رضا، ممبر پلاننگ ڈاکٹر خالد حفیظ سمیت دیگر سنئیر افسران نے شرکت کی اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر اسلام آباد شہر میں نئے قبرستانوں کے قیام کیلئے اراضی مختص کرنے کے حوالے سے متعدد فیصلے کئے گئے. اس سلسلے میں وفاقی وزیر داخلہ کی ہدایت پر اسلام آباد میں تین نئی مختص کردہ جگہوں پر قبرستانوں تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ نئے قبرستانوں کو اسلام آباد شہر کی بڑھتی ہوئی آبادی کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا جائے اجلاس کو بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پنڈوریاں کے مقام پر نئے قبرستان بنانےکیلئے تقریباً 800 کنال اراضی مختص کی گئی ہے۔ اسی طرح ہمک اور ملپور کے مقامات پر بھی نئے قبرستانوں کیلئے اراضی مختص کی گئی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ملپور میں بنائے جانے والے نئے قبرستان کیلئے 200 کنال اراضی مختص کی گئی ہے۔ اسی طرح ہمک میں بنائے جانے والے نئے قبرستان کیلئے 10 کنال سے زائد اراضی مختص ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ نئے قبرستانوں سے اسلام آباد کے شہری و دیہی علاقوں کی آبادی کو آسانی میسر آئے گی۔

چیئرمین سی ڈی اے نے ان تمام مقامات پر ماڈل قبرستانوں کی تعمیر کے منصوبوں پر تیزی سے کام کا آغاز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ قبرستان کی تعمیر میں شہرِ خاموشاں لاہور اور بین الاقوامی ماڈل و معیارات کو مدنظر رکھا جائے چیئرمین سی ڈی اے نے نئے قبرستانوں میں جنازہ و تدفین کے حوالے سے تمام سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کے ساتھ ساتھ سی ڈی اے کی نئے قبرستانوں کی باؤنڈری وال اور واک ویز کی تعمیر کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے نئے قبرستانوں میں جنازہ گاہ، میت کو غسل دینے کی سہولت، مسجد، وضو خانے سمیت تمام سہولیات کی فراہمی کی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ اسی طرح نئے قبرستانوں میں پارکنگ، مستقل بنیادوں پر ایل ای ڈی لائٹس کی تنصیب سمیت پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی واضح رہے نئے قبرستانوں کی تعمیر کے ساتھ دارالحکومت اسلام آباد میں موجودہ قبرستانوں کو جدید خطوط پر اپ گریڈ کیا جارہا ہے۔ چئیرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ موجودہ قبرستانوں میں بائونڈری والز، سیکورٹی، مستقل بنیادوں پر روشنی کے انتظامات سمیت واک ویز کی اپ لفٹنگ کی جائے۔ انہوں نے عوام کی سہولت کے پیش نظر نئے اور پرانے قبرستانوں میں تدفین کیلئے خصوصی الیکٹرک میت بسیں مہیا کرنے کی ہدایت کی۔

چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ مفت الیکٹرک میت بس کے ذریعے میت کو قبرستان تک پہنچانے میں آسانی ہوگی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ دکھ اور مشکل کی گھڑی میں شہریوں کو بہتر سے بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ نئے قبرستانوں کی تکمیل سے نہ صرف دارالحکومت کے شہریوں کو بہترین سہولیات میسر آئیں گی بلکہ اسلام آباد شہر کی قبرستان کی ضروریات بھی پوری کی جاسکیں گی.