اسلام آباد کو سرسبز بنانے کیلئے سی ڈی اے اور بیکن ہاؤس کا اشتراک، “ایک شجر ایک بیٹی” مہم کا آغاز، میکو گارڈن کا افتتاح

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے جمعرات کے روز میکو گارڈن کے افتتاح کے موقع پر بیکن ہاؤس کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں رکن قومی اسمبلی زہرہ فاطمہ، بیکن ہاؤس سکول سسٹم کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ناصر قصوری اور علی قصوری سمیت سی ڈی اے کے ڈی جی انوائرمنٹ سمیت سنئیر افسران، اساتذہ اور طلبہ و طالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ میکو گارڈن کے افتتاح کے موقع پر اسلام آباد میں شجرکاری کو فروغ دینے کے حوالے سے سی ڈی اے اور بیکن ہاؤس ایجوکیشن سسٹم کے درمیان مفاہمتی یادداشت کے تحت میکو گارڈن اور شجر کاری مہم کا آغاز کیا گیا۔ تقریب کا آغاز چیئرمین سی ڈی اے اور بیکن ہاؤس ایجوکیشن سسٹم کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے میکو گارڈن، ایف نائن پارک، میں پودے لگا کر کیا۔

چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ بیکن ہاؤس کے تعاون سے یہ ماحول دوست اقدام وزیراعظم پاکستان کے ویژن کے عین مطابق ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے شہریوں اور طلباء سے ماحول دوست درخت اور انکی حفاظت کو یقینی بنانے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں تمام تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات اگر جاری شجرکاری مہم میں حصہ لیں تو ہم اسلام آباد کو مزید سرسبز و شاداب اور خوبصورت شہر بناسکتے ہیں چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو چاہیے کہ وہ شجرکاری کو تعلیمی سرگرمی کا حصہ بنائیں اور شجر کاری میں حصہ لینے پر طلباء کیلئے خصوصی نمبرز مختص کئے جائے تاکہ انکی حوصلہ افزائی ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ “ایک شجر ایک بیٹی” مہم کا مقصد نہ صرف درخت لگانا ہے بلکہ بیٹیوں کو باعزت طریقے سے اس مہم کی قیادت کرنے کا موقع دینا ہے۔چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ نجی شعبے، سول سوسائٹی اور کارپوریٹ سیکٹر بھی سی ڈی اے کے ساتھ ملکر دارالحکومت کو سرسبز و شاداب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے کے افسران اور شجر کاری مہم میں حصہ لینے والے شرکاء GIS لوکیشن کے ذریعے درختوں کے مقامات اور انکی دیکھ بھال کو یقینی بنا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا یہ تقریب سی ڈی اے اور بیکن ہاؤس کے درمیان باہمی تعاون اور مشترکہ مقصد کی عکاس ہے جسکا مقصد اسلام آباد کو زیادہ سے زیادہ سرسبز و شاداب اور خوبصورت شہر بنانا ہے۔

تقریب میں رکن قومی اسمبلی زہرہ فاطمہ نے وزیر اعظم پاکستان کے وژن کے مطابق “ایک شجر ایک بیٹی” مہم کی اہمیت اور مقصد کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ “ایک شجر ایک بیٹی” مہم حقیقت میں عورت کا معاشرے میں باعزت مقام کے ساتھ انکے ماحول کو بہتر بنانے کے کردار کو واضح کرتی ہے اس موقع پر “ایک شجر ایک بیٹی” مہم پر بھرپور عملدرآمد کیلئے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی۔ رکن قومی اسمبلی زہرہ فاطمہ نے کہا کہ “ایک شجر ایک بیٹی” مہم میں تمام پاکستانیوں سمیت سفارتکاروں کو بھی شامل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ درخت کاٹنے پر مکمل پابندی اور بغیر اجازت درخت کاٹنے کے حوالے سے قانون سازی پر تیزی سے کام جاری ہے اور اس سلسلہ میں عوام میں آگاہی پھیلانے اور درختوں کے تحفظ کیلئے بھرپور اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔بیکن ہاؤس سکول سسٹم کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ناصر قصوری نے چیئرمین سی ڈی اے کے بھرپور تعاون کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں گرین ایریاز کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور ماحولیاتی تحفظ کیلئے یہ اقدام انتہائی اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بیکن ہاؤس نے سی ڈی اے کے ساتھ مفاہمتی یادداشت کے تحت رواں برس پانچ ہزار درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم اور ماحول دوست شجرکاری کا آپس میں گہرا تعلق ہے۔

تقریب کے اختتام پر بیکن ہاؤس کی جانب سے مہمانان کو تحائف پیش کئے گئے اور ایک “پلانٹیشن پلیج وال” پر دستخط کئے گئے جس کے ذریعے تقریب کے شرکاء نے زیادہ سے زیادہ درخت لگانے اور انکی حفاظت کرنے کا عہد کیا.