اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے) کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین نے وفد کے ہمراہ اسلام آباد کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت سابق ڈپٹی میئر سید ذیشان علی نقوی سے ملاقات کی اور انھیں چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے لیے فوکل پرسن تعینات کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ وفد میں سی ڈی اے مزدور یونین کے سپریم ہیڈ مرزا سعید اختر، سرپرست اعلیٰ حاجی صابر، سردار محمد آصف، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری اسد محمود، محمد سرفراز ملک، کلیم عباسی و دیگر شامل تھے۔
اس موقع پر سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ سید ذیشان علی نقوی کی شہر کی تعمیرو ترقی کے لیے نمایاں خدمات ہیں جس کی بدولت انھیں چیئرمین وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے لیے فوکل پرسن تعینات کیا گیا ہے جس پر ہم انھیں دلی مبارکباد پیش کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ وہ پہلے سے بڑھ کر شہر کی بہتری اور ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔
اس موقع پرسید ذیشان علی نقوی نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت نوجوانوں کے لیے روزگار اور تربیتی مواقع فراہم کرنے میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ تعلیمی، فنی اور پیشہ ورانہ تربیت کے مواقع فراہم کر کے نوجوانوں کو قومی ترقی کے دھارے میں شامل کیا جائے گا تاکہ وہ خود کفیل ہو سکیں اور ملک کو ترقی کی نئی راہوں پر گامزن کریں.