اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر ) چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت بدھ کے روز سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سی ڈی اے بورڈ کے ممبر ایڈمن و اسٹیٹ طلعت محمود، ممبر فنانس طاہر نعیم، ممبر پلاننگ اینڈ ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ، ممبر انوائرمنٹ اسفندیار بلوچ سمیت اسٹیٹ لائف انشورنس کے عہدیداران اور سی ڈی اے کے دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں سی ڈی اے ملازمین اور انکے اہل خانہ کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کیلئے سی ڈی اے ہسپتال کے ساتھ ساتھ میڈیکل انشورنس کور دینے کے حوالے سے تفصیلی بریفننگ دی گئی اجلاس کو بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سی ڈی اے ملازمین کیلئے اسلام آباد کے بہترین ہسپتالوں میں بطور پینل بہترین علاج و معالجہ کی سہولیات میسر ہونگی۔ اسی طرح سی ڈی اے ملازمین کو سی ڈی اے ہسپتال کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ ہسپتالوں میں ایمرجنسی، او پی ڈی، دوائیوں اور لیب ٹیسٹ کی سہولیات کے حوالے سے بہترین کوریج فراہم کی جائے گی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ مہلک بیماریوں کی صورت میں ہیلتھ انشورنس کوریج میں مزید اضافہ کیا جائے گا اور سی ڈی اے ملازمین کے ساتھ انکے مکمل خاندان کے افراد کو بھی تمام طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کیپیٹل ہسپتال کو اسٹیٹ لائف انشورنس کے پینل میں بھی شامل کیا جائے گا جسمیں باقی اداروں کے ملازمین بھی مستفید ہوسکیں گے چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ کیپیٹل ہسپتال کی ایمپینلمنٹ سے حاصل ہونے والی آمدنی کو ہسپتال کی بہتری اور طبی سہولیات کی فراہمی پر خرچ کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ گریڈ 1 تا 21 تک کے تمام ملازمین و افسران کو علاج و معالجے کے حوالے سے یکساں کور و سہولیات فراہم کی جائیں۔ اجلاس میں چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر سی ڈی اے ملازمین کی ہسپتالوں میں او پی ڈی کی حد میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا چیئرمین سی ڈی اے نے ٹیلی میڈیسین و ویڈیو کنسلٹیشن سروس بھی متعارف کرانے کی ہدایت کی۔ اسی طرح مستقبل میں ٹیلی میڈیسن کو بنیادی صحت مراکز (بی ایچ یوز) میں بھی متعارف کرانے ہدایت کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیلی میڈیسن کنسلٹیشن کے ذریعے دور دراز علاقوں میں مریضوں کو فوری اور معیاری طبی مشاورت فراہم کی جاسکے گی۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت کی کہ میڈیکل ہیلتھ انشورنس کے تحت اسلام آباد کے بہترین ہسپتالوں سے مزید رعایتیں حاصل کی جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان تمام اقدامات سے سی ڈی اے ملازمین کو زیادہ سے زیادہ معیاری طبی سہولیات مفت میسر آسکیں گی.