اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا نے منگل کے روز ٹی چوک فلائی اوور منصوبے کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ممبر انجنئیرنگ، ممبر پلاننگ اینڈ ڈیزائن سمیت پراجیکٹ ڈائریکٹر، کنسلٹنٹس اور دیگر متعلقہ افسران بھی انکے ہمراہ تھے چئیرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے منصوبے پر جاری تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر پراجیکٹ ڈائریکٹر اور متعلقہ افسران نے چیئرمین سی ڈی اے کو منصوبے پر جاری تعمیراتی سرگرمیوں پر بریفننگ دی بریفننگ دیتے ہوئے چیئرمین سی ڈی اے کو بتایا گیا کہ منصوبے میں آنے والی تمام یوٹیلیٹیز سروسز کی جلد منتقلی کو یقینی بنانے کیلئے بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں۔ بریفننگ دیتے ہوئے انہیں بتایا گیا کہ ٹی چوک فلائی اوور منصوبے کے 12 پائلز کا کام مکمل کیا جاچکا ہے جبکہ 13ویں پائل پر کام جاری ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے کو بتایا گیا کہ منصوبے کے گرڈرز کی کاسٹنگ کے کام کا آغاز کیا جارہا ہے اور منصوبے کے تمام حصوں پر بیک وقت 24/7 تعمیراتی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے یوٹیلیٹیز سروسز کی منتقلی کے عمل کو باحفاظت اور جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے کو اسکی ٹائم لائنز اور شیڈول کے مطابق مکمل کیا جائے اور تعمیراتی کاموں کے اعلیٰ معیار کو ہر صورت یقینی بنایا جائے چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ ٹی چوک فلائی اوور منصوبے سے جڑواں شہروں کے علاوہ لاہور/ پنجاب سے آنے والے مسافروں کو سگنل فری سفری سہولت میسر آئی گی۔ انہوں نے کہا کہ 24/7 تعمیراتی کاموں کو جاری رکھ کر منصوبے میں حائل تمام روکاوٹوں کو جلد دور کیا جائے چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ کنسلٹنٹس اور ریذیڈنٹ انجینئرز سائٹ پر تعمیراتی کاموں کی بروقت تکمیل اور اعلیٰ معیار کو ہر صورت یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ اسلام آباد/راولپنڈی میں ٹریفک کے مسائل کے حل کیلئے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔