اسلام آبا د (سٹاف رپورٹر) وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی ہدایت پر اسلام آباد اور راولپنڈی میں جدید اور تیز رفتار ٹرین چلانے میں پیشرفت کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت چئیرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام محمد علی رندھاوا نے کی جڑواں شہروں کے درمیان ٹرین چلانے کے حوالے سے مفاہمتی یاداشت کے مسودے کو حتمی شکل دینے کیلئے اجلاس سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوا جسمیں پاکستان ریلوے اور سی ڈی اے کے سنئیر افسران نے شرکت کی۔
سی ڈی اے اور پاکستان ریلوے اس منصوبے کے حوالے سے جلد مفاہمتی یاداشت پر دستخط کریں گے۔ اجلاس میں سی ڈی اے اور پاکستان ریلویز کے مابین مفاہمتی یاداشت کے مندرجہ جات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ منصوبے کے تحت جڑواں شہروں کے درمیان جدید ٹرین سروس کا آغاز کیا جائے گا۔ اجلاس میں ٹرین منصوبے کیلئے تجویز کردہ روٹ، لے آؤٹ پلان، بہترین بزنس ماڈل اور ماحول دوست ٹیکنالوجی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ ٹرین منصوبے کی تکمیل سے جڑواں شہروں میں مجموعی طور پر ٹریفک کے بہاؤ میں نمایاں کمی آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ٹرین سروس کے ساتھ فیڈر الیکٹرک بس سروسز کو منسلک کیا جائے تاکہ اسلام آباد کے تمام اہم مقامات تک شہریوں کو آسان رسائی حاصل ہو۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے شہریوں کیلئے سستا، محفوظ اور آرام دہ سفر فراہم ہوگا۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ ٹرین سروس منصوبہ دارالحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی کے عوام کیلئے ایک تحفہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں بین الاقوامی معیار اور بہترین تجربات کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبے پر عملدرآمد کیا جائے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف شہریوں کیلئے جدید ترین نقل و حمل کی سہولیات فراہم کرے گا بلکہ دارالحکومت اسلام آباد کی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گا.