اسلام آباد میں پانی کے مسائل کے حل کیلئے جامع منصوبہ، واٹر میٹرز کی تنصیب، سیوریج لائنوں کی بحالی اور انرجی ایفیشنٹ پمپس کی تنصیب کا فیصلہ

اسلام آبا د (سٹاف رپورٹر) چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت جمعہ کے روز سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممبر پلاننگ اینڈ ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ، ممبر فنانس طاہر نعیم، ڈی جی پی اینڈ سی سمیت اسلام آباد واٹر کے متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں اسلام آباد کے پانی کے مسائل کے حل کے حوالے سے پانی کے میٹروں کی تنصیب، نان ریونیو واٹر کو کم کرنے، واٹر پمپس کو انرجی ایفیشنٹ بنانے، سیوریج لائنوں کی مرمت و بحالی اور سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کو مکمل فعال کرنے کے منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اجلاس کو بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اسلام آباد واٹر کے ان منصوبوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت مکمل کرنے کیلئے ٹرانزیکشن ایڈوائزری سروسز متعلقہ قوانین کے تحت حاصل کی جارہی ہیں۔ اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت ان منصوبوں کا جلد از جلد آغاز کرنے اور انکے تیکنیکی پہلوؤں پر غور کیا گیا۔

بریفننگ دیتے ہوئے اجلاس کو بتایا گیا کہ پانی کے ضیائع اور نان ریونیو واٹر کو کم کرنے کیلئے اسلام اباد شہر میں واٹر میٹرز لگانے پر ورکنگ کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ماہر کنسلٹنٹس واٹر میٹرز کے حوالے سے باقاعدہ سروے و سٹڈی ابتدائی طور پر مکمل کریں گے۔ اسی طرح اسلام آباد واٹر کے بجلی کے اخراجات میں کمی کرنے کیلئے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت تمام واٹر پمپس و موٹرز کو انرجی ایفیشنٹ بنایا جائے گا۔ چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ اس سے نہ صرف بجلی کی بچت بلکہ سی ڈی اے پر مالیاتی بوجھ بھی کم ہوگا اجلاس کو بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اسلام آباد شہر میں سیوریج لائنوں کی مرمت و بحالی اور سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ کو مکمل فعال کرنے کے منصوبے کا بھی آغاز کیا جائے گا اور پہلے مرحلے میں ان تمام منصوبوں کی فیزیبلٹی تیار کی جائے گی چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے شہریوں سے واٹر بلوں کی ادائیگی کیش لیس اور کیو آر کوڈ کے زریعے یقینی کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد واٹر کے منصوبوں میں کاربن کریڈٹ کا حصول بھی شامل کیا جائے جس سے نہ صرف ماحولیاتی تحفظ کو فروغ ملے گا بلکہ اضافی مالی وسائل بھی حاصل ہونگے چیئرمین سی ڈی اے نے ہدایت کی کہ ان منصوبوں پر مکمل عملدرآمد کرنے کیلئے ٹائم لائنز مقرر کی جائے اور ان منصوبوں کی نگرانی اور مؤثر عملدرآمد کیلئے ایک ورکنگ گروپ بھی تشکیل دیا جائے.