نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریٹریشن کے 38ویں سینئیر مینجمنٹ کورس کے فیکلٹی و زیر تربیت افسران کا سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز کا دورہ

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریٹریشن کے تحت بدھ کے روز 38ویں سینئیر مینجمنٹ کورس کے فیکلٹی و زیر تربیت افسران نے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا۔ ممبر پلاننگ و ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ، ممبر فنانس طاہر نعیم اور سی ڈی اے افسران نے 38ویں ایس ایم سی افسران کا سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں خیر مقدم کیا ممبر پلاننگ و ڈیزائن نے ایس ایم سی کے شرکاء کو سی ڈی اے کے اغراض و مقاصد، انتظامی ڈھانچہ، فنکشنز اور آپریشنز کے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ دارالحکومت اسلام آباد کی تعمیر ماسٹر پلان کے مطابق کی گئی ہے جسکو پانچ مختلف زونز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ شرکاء کو دارالحکومت اسلام آباد میں زوننگ ریگولیشنز کے نفاذ اور شہری منصوبہ بندی کے بارے میں تفصیلی آگاہ کیا گیا ممبر پلاننگ و ڈیزائن نے دارالحکومت اسلام آباد کو درپیش مسائل اور انکے حل کے حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔ اس سلسلے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اسلام آباد میں پانی کے مسائل کو حل کرنے کیلئے اسلام واٹر کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔ اسی طرح اسلام میں موجودہ آبی وسائل کے بہتر انتظامات اور مستقبل میں پانی کی فراہمی کیلئے مختلف اقدامات و منصوبوں کا آغاز کیا جارہا ہے۔

سینئر مینجمنٹ کورس کے شرکاء کو بریفنگ میں اسلام آباد کے ٹرانسپورٹ سسٹم کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ جسمیں شہر میں چلنے والی 4 میٹرو بس روٹس اور 160 الیکٹرک بس فیڈر روٹس بھی شامل ہیں۔ بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اسلام آباد کے ٹرانزٹ نیٹ ورک کو گوگل میپ سے منسلک کر دیا گیا اور اب تمام اسٹیشنز کی انفارمیشن گوگل میپس پر بھی لائیو کر دی گئی ہے نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریٹریشن کے تحت 38ویں سینئیر مینجمنٹ کورس کے فیکلٹی و زیر تربیت افسران کو سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سسٹم، سی ڈی اے کے بجٹ اور آمدنی کے مختلف ذرائع آمدن سے بھی آگاہ کیا گیا۔ انکو شہر میں ہونے والے ماحول دوست اقدامات وسیع پیمانے پر شجرکاری مہم، غیر قانونی تعمیرات و تجاوزات کے خلاف کریک ڈاؤن، سیکٹر ڈویلپمنٹ، ڈیجیٹل پارکنگ سمیت دیگر اہم ترقیاتی منصوبوں کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔

بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سی ڈی اے اسلام آباد شہر کے مسائل کو حل کرنے کیلئے اور اسکو دنیا کا خوبصورت اور مثالی شہر بنانے کیلئے دن رات مصروف عمل ہے اور اس سلسلہ میں تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں تاکہ شہریوں کو بہتر سے بہترین سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔ بریفنگ کے اختتام پر سینئر مینجمنٹ کورس کے شرکاء کے ساتھ سوال و جواب کے سیشن میں مختلف شہری مسائل اور انکے حل کو زیر بحث لایا گیا۔دورہ کے اختتام پر نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریٹشن کے فیکلٹی ممبر کو سی ڈی اے کی جاب سے یادگاریں شیلڈ دی گئی اور گروپ فوٹو کیساتھ کورس کے شرکاء کیلئے گریڈ 19 سے گریڈ 20 میں ترقی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا اور امید ظاہر کی کہ تمام شرکاء پاکستان کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے.