اسلا م آباد (سٹاف رپورٹر )چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا سے منیجنگ ڈائریکٹر او پی ایف محمد افضال بھٹی اور اوورسیز انویسٹرز نے منگل کے روز سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ممبر پلاننگ و ڈیزائن ڈاکٹر خالد حفیظ، ممبر انوائرمنٹ اسفندیار بلوچ، ڈی جی بلڈنگ کنٹرول، ڈی جی ریسورس سمیت دیگر سنئیر افسران نے شرکت کی۔ ملاقات میں اسلام آباد میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کے فروغ سمیت مختلف منصوبوں میں پارٹنرشپ کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ اسلام آباد میں سرمایہ کاری کے حوالے سے بہترین مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں سرمایہ کاروں کے ساتھ جوائنٹ وینچرز ماڈل کے تحت مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری کی جاسکتی ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے کہا سی ڈی اے سرمایہ کاروں کو تمام ممکن سہولیات فراہم کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں ہوٹل و میزبانی کی صنعت کو فروغ دینے کے منصوبوں پر کام جاری ہے چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ شہریوں کو جدید ترین سپورٹس سہولیات کیلئے مختلف منصوبوں پر بھی کام کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں اولمپک ویلیج کی تعمیر کے حوالے سے فیزبیلٹی سٹڈی پر کام ہو رہا ہے سرمایہ کاروں کے وفد نے ہوٹل و میزبانی کی صنعت سمیت مختلف منصوبوں میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ دونوں اطراف ملکر دارالحکومت میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کریں گے چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ ان تمام منصوبوں کی تکمیل سے اسلام آباد کو بین الاقوامی معیار کا شہر بنایا جاسکے گا۔ مزید یہ منصوبے دارالحکومت کی تعمیر وترقی کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاروں اور سی ڈی اے کیلئے باہمی فائدے کا باعث بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے سرمایہ کاروں کے ساتھ شراکت داری کو ترجیح دیتا ہے اور اس سلسلہ میں سی ڈی اے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کیلئے تیار ہے۔