راول ڈیم کے اطراف صفائی مہم کا آغاز، گندگی پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی راندھاوا کی ہدایت پر راول ڈیم کے اطراف بھرپور صفائی مہم کا آغاز کردیا گیا ہے۔ اس سلسلہ میں سی ڈی اے کی سولڈ ویسٹ مینجمنٹ ڈائریکٹریٹ کا راول ڈیم کے اطراف کوڑا کرکٹ نکانے کیلئے صفائی آپریشن تیزی سے جاری ہے واضح رہے راول ڈیم کے اردگرد گندگی پھیلانے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے اور متعلقہ شعبہ جات کی جانب سے راول ڈیم کے اطراف واقع ریستورانوں، ہاؤسنگ سوسائٹیز اور کمرشل مراکز کو گندگی پھیلانے پر چالان جاری کرنے کا سلسلہ بھی شروع کردیا گیا ہے اس ضمن میں اس مہم کو بھرپور انداز میں موثر بنانے کے لئے چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ سول سوسائٹی طلباء اور شہریوں کو بھی راول ڈیم صفائی مہم میں شامل کرکے اس مہم کو مزید جامع اور وسعت دی جائی۔

سول سوسائٹی اور سکول، کالج و یونیورسٹی کے طلباء اور شہریوں کو صفائی مہم کا حصہ بننے کیلئے 15 اکتوبر صبح سے شام تک حصہ لے سکتے ہیں۔ اس مہم کا حصہ بننے کیلئے ڈائریکٹر سولڈ ویسٹ مینجمنٹ سے براہ راست واٹس ایپ نمبر 3005357667 پر رابطہ کر کے یا سی ڈی اے کی ویب سائٹ https://cda.gov.pk کے زریعے بھی رجسٹریشن کروائی جاسکتی ہے چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ سول سوسائٹی و طلباء اس صفائی مہم میں شامل ہوکر سی ڈی اے کا ساتھ دیں اور صاف ستھرے ماحول کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہم گندگی کے خلاف آگاہی و بیداری پیدا کرنے اور عوام میں شہری ذمہ داری کا جذبہ پروان چڑھانے کے مقصد سے شروع کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد آبی حیات اور اسلام آباد کے قدرتی ماحول کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔

گندگی پھیلانے والے عناصر کے خلاف شکایات کا اندراج سی ڈی اے ہلپ لائن 1334 پر بھی کرواسکتے ہیں چیئرمین سی ڈی اے نے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف راول ڈیم کے قدرتی حسن کو بحال رکھنے میں معاون ثابت ہوگا بلکہ شہریوں کو صحتمند ماحول فراہم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔