راول ڈیم میں صفائی مہم کا کامیاب انعقاد، طلباء، شہریوں اور سول سوسائٹی کی بھرپور شرکت. چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر )چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی راندھاوا کی ہدایت پر راول ڈیم کے اطراف صفائی مہم کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ اس خصوصی صفائی مہم میں سی ڈی اے سمیت سکول، کالج و یونیورسٹی کے طلباء و طالبات نے بھرپور حصہ لیا۔ علاوہ ازیں، اس خصوصی صفائی مہم میں سول سوسائٹی کے نمائندگان اور شہریوں کی کثیر تعداد نے بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیا سکول، کالج اور یونیورسٹی کے طلباء و طالبات، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور شہریوں کو اس مہم کا حصہ بنانے کا مقصد صفائی ستھرائی کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔ چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر راول ڈیم کے اردگرد گندگی پھیلانے والے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے نے صفائی مہم میں حصہ لینے والے طلباء و طالبات، سول سوسائٹی اور شہریوں کیلئے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ مہم گندگی کے خلاف بیداری پیدا کرنے اور عوام میں شہری ذمہ داری کا جذبہ پروان چڑھانے کے مقصد سے شروع کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان اقدامات کا مقصد آبی حیات اور اسلام آباد کے قدرتی ماحول کو تحفظ فراہم کرنا ہے اس موقع پر سی ڈی اے انتظامیہ نے کہا کہ گندگی پھیلانے والے عناصر کے خلاف شکایات کا اندراج سی ڈی اے ہلپ لائن 1334 پر بھی کرواسکتے ہیں چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف راول ڈیم کے قدرتی حسن کو بحال رکھنے میں معاون ثابت ہوگا بلکہ شہریوں کو صحتمند ماحول فراہم کرنے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔