اہم شاہراوں پر قائم نجی تعلیمی اداروں کےمالکان کو اپنے اداروں کے سامنے زبیرا کراسنگ کے نشانات لگانے ہدایت

راولپنڈی (سی این پی )چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی راولپنڈی محمد اعظم کاشف نے اہم شاہراہوں پر واقع نجی تعلیمی اداروں کے مالکان کو ڈپٹی کمشنر راولپنڈی طاہر فاروق کی طرف سے پیغام دیا ہے کہ اپنے اداروں کے سامنے سڑکوں پر زیبرا کراسنگ کے نشانات فوری طور پر لگائیں اس بابت انھوں نے تمام ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرز، اسسٹنٹ ایجوکیشن افسران کو بھی ہدایات جاری کی ہیں کہ شاہراہوں پر واقع نجی تعلیمی اداروں کو وزٹ کریں اور روڈز پر زیبرا کراسنگ کے نشانات کو چیک کرکے سی۔ای۔او ایجوکیشن آفس میں رپورٹ کریں۔ زیبراکراسنگ کا مقصد چھٹی کے اوقات میں بچوں کو بحفاظت سکول انتظامیہ کی نگرانی میں سڑک پار کروانا ہے تاکہ کسی بھی حادثے سے بچا جاسکے۔ ممبر ڈسٹرکٹ رجسٹریشن اتھارٹی اور پریذیڈنٹ آل پاکستان پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ ایسوسی ایشن راولپنڈی ڈویژن ابرار احمد خان نے راولپنڈی ضلع کے تمام متعلقہ پرائیویٹ تعلیمی اداروں کے سربراہان سے گزارش کی ہے کہ وہ کسی بھی ناخوشگوار حادثہ سے بچنے کے لیے اپنے تعلیمی اداروں کے سامنے زیبرا کراسنگ کی لائنز لگانے کا اہتمام کریں اور چھٹی کے وقت سینئر طلبا کی مدد سے بچوں کو سڑک عبور کروانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ ہر تعلیمی ادارہ ان سرگرمیوں کی تصاویر اسسٹنٹ ایجوکیشن آفیسر پرائیویٹ سیکٹر ملک اختر محمود کو ارسال کریں۔