ایپل نے آئی فون 14 اور 14 پلس کو اس موسم بہار میں ایک نئے رنگ میں پیش کیا ہے جس کی بکنگ بھی کھول دی گئی ہے۔ایپل کی جانب سے 10 مارچ سے امریکا سمیت 60 سے زائد ممالک اور خطوں میں اس منفرد اور خوبصورت پیلے رنگ کے نئے آئی فون کے آرڈرز قبول کرنا شروع کر دیے ہیں، صارفین کو ڈیلیوری اور اسٹورز میں دستیابی 14 مارچ بروز منگل سے شروع ہوگی۔
بتایا جارہا ہے کہ پیلے رنگ کے اس آئی فون میں کسی قسم کی کوئی تبدیلی نہیں کی گئی، جب کہ اچھی بات یہ ہے کہ اس کی قیمت بھی عام آئی فون 14 اور 14 پلس والی ہی مقرر کی گئی ہے۔
یعنی پیلے رنگ کے اس آئی فون 14 کی قیمتوں کا آغاز 799 امریکی ڈالرز (2 لاکھ 23 ہزار سے زائد پاکستان روپے) اور آئی فون 14 پلس کی قیمتوں کا آغاز 899 ڈالرز (2 لاکھ 51 ہزار سے زائد پاکستانی روپے) سے ہوگا۔
ایپل نے سب سے پہلے آئی فون 14 کو گزشتہ برس ستمبر میں مڈ نائٹ، اسٹار لائٹ، نیلے، جامنی اور سرخ رنگوں میں متعارف کرایا تھا، تاہم کمپنی مارچ میں اکثر نئے رنگ کے فونز پیش کرتی ہے۔ اس کے علاوہ کمپنی نے پیلے فون کے لیے ایک میچنگ سلیکون کیس بھی بنایا ہے جس کی قیمت 49 ڈالر رکھی گئی ہے جسے براہ راست کمپنی کی ویب سائٹ سے خریدا جاسکتا ہے۔