ماضی کی مقبول فون کمپنی نوکیا نے ایک بار پھر مہنگائی کے دور میں قدرے سستے اور معیاری فونز پیش کردیے۔نوکیا کے فونز کو اگرچہ سام سنگ، موٹرولا اور آئی فون سمیت دیگر چینی اسمارٹ موبائل کمپنیز کے فونز کے مقابلے میں کم مقبولیت حاصل ہے، تاہم کمپنی کو سستے فونز پیش کرنے کے حوالے سے شہرت حاصل ہے۔اس بار بھی کمپنی نے مہنگائی کے باوجود دو معیاری بجٹ فون پیش کردیے، جنہیں فیچرز کے حوالے سے اچھے فون قرار دیا جا رہا ہے۔
نوکیا سی 110
کمپنی کی جانب سے سب سے سستا فون سی 110 متعارف کرایا گیا ہے، جسے 3۔6 انچ اسکرین کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔فون کو تین جی بی ریم اور 32 جی بی میموری کے ساتھ متعارف کرایا گیا ہے جب کہ اس میں دیگر فیچرز بھی دیے گئے ہیں۔
نوکیا سی 110 کو اینڈرائیڈ 12 کے آپریٹنگ سسٹم میں متعارف کرایا گیا ہے جب کہ اس کے بیک اور فرنٹ پر ایک ایک کیمرا دیا گیا ہے۔فون کے بیک پر 13 میگا پکسل کیمرا دیا گیا ہے جب کہ فرنٹ پر 5 میگا پکسل سیلفی کیمرا دیا گیا ہے اور ان کے سینسرز کو اپگریڈ کردیا گیا ہے۔
نوکیا سی 110 کو 3 ہزار ایم اے ایچ کی بیٹری کے ساتھ پانچ واٹ کے چارجر کے ساتھ متعارف کرایا گیا ہے۔اس فون کی قیمت پاکستانی 28 ہزار روپے رکھی گئی ہے، تاہم اس کی قیمت مختلف ممالک میں کم کیے جانے کا امکان ہے۔
نوکیا سی 300
کمپنی نے اپنے سب سے بہترین فون کو 57۔6 انچ اسکرین کے ساتھ پیش کیا ہے مگر اس میں بھی تین جی بی ریم اور 32 جی بی میموری دی گئی ہے۔اس فون کو بھی اینڈرائیڈ 12 کے آپریٹنگ سسٹم میں پیش کیا گیا اور اس میں میڈیا ٹیک کی چپ دی گئی ہے۔
نوکیا سی 300 کے بیک پر تین جب کہ فرنٹ پر ایک ہی کیمرا دیا گیا ہے اور اس کی ٹیکنالوجی کو بھی ماضی کے مقابلے بہتر بنایا گیا ہے۔فون کے بیک پر مین کیمرا 13 میگا پکسل جب کہ باقی دو کیمرے ترتیب وار دو دو میگا پکسل کے دیے گئے ہیں۔
نوکیا سی 300 کے فرنٹ پر 8 میگا پکسل کا سیلفی کیمرا دیا گیا ہے اور اسے مختلف رنگوں میں پیش کیا گیا ہے۔اس فون میں 4 ہزار ایم اے ایچ کی بیٹری کو 10 واٹ کے فاسٹ چارجر کے ساتھ پیش کیا گیا ہے۔
اس فون کی قیمت پاکستانی 39 ہزار روپے رکھی گئی ہے اور اسے بھی فوری طور پر صرف امریکا میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا ہے، تاہم اسے جلد دیگر ممالک میں بھی پیش کیا جائے گا۔