انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ کی جانب سے ریئل ٹائم میں ویڈیو میسیج بھیجنے کے نئے فیچر کی آزمائش شروع کردی گئی اور ممکنہ طور پر فیچر کو جلد ہی عام صارفین کے لیے پیش کردیا جائے گا۔
واٹس ایپ میں اس وقت بھی ویڈیو میسیج بھیجنے کا فیچر موجود ہے لیکن اسے ریئل ٹائم میں نہیں بھیجا جا سکتا۔
یعنی اس وقت واٹس ایپ پر جو ویڈیو میسیج بھیجنے کا فیچر ہے، وہ روایتی انداز میں پہلے ویڈیو کی ریکارڈ کرنے اور بعد میں میسیج کو بھیجنے کی سہولت فراہم کرتا ہے۔
جب کہ نئے فیچر کے تحت صارفین صرف ویڈیو کے آئیکون کو کلک کرکے میسیج ریکارڈ کر سکیں گے اور اسے اسی وقت ہی وائس نوٹ کی طرح بھیجا جا سکے گا۔
واٹس ایپ کی اپڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ ’ویب ایٹ انفو‘ کے مطابق ایپلی کیشن نے محدود آئی او ایس اور اینڈرائیڈ صارفین کو نئے فیچر کی آزمائش تک رسائی دے دی ہے۔
مذکورہ فیچر کے تحت صارفین میسیج چیٹ میں جانے کے بعد نیچے مائیک کے آئیکون کے ساتھ نظر آنے والے ویڈیو آئیکون کو کلک کریں گے، جس کے بعد ویڈیو پیغام ریئل ٹائم میں ریکارڈ کیا جا سکے گا۔
ویڈیو کو ریکارڈ کرنے کے بعد آئیکون کو کلک کرنے پر اسے اسی وقت دوسرے صارف کو بھیجا جا سکے گا، مذکورہ فیچر کے تحت ویڈیو پیغام کو محفوظ نہیں کیا جا سکے گا۔
مذکورہ فیچر کے تحت صارفین ایک منٹ تک کی ویڈیو ریکارڈنگ کو ریئل ٹائم میں دوسرے صارف کے ساتھ شیئر کر سکیں گے۔
مذکورہ فیچر کے تحت ریکارڈ کیے گئے ویڈیو پیغام کو ایک صارف کو بھیجنے کے بعد اسے دوسروں کو بھی فارورڈ کیے جا سکے گا، تاہم بیک وقت صرف ایک ہی وصول کنندگان کو میسیج بھیجا جا سکے گا۔
اس وقت واٹس ایپ پر ویڈیو پیغام بھیجنے کے لیے فوٹو کیمرے کے آئیکون کو کچھ دیر تک دباکر رکھنا پڑتا ہے، جس کے بعد ویڈیو ریکارڈنگ کا آپشن آتا ہے۔
ویڈیو ریکارڈ ہونے کے بعد ویڈیو اسکرین پر محفوظ ہوجاتی ہے اور میسیج سینڈر ایرو کو کلک کرنے پر پیغام کو بھیجا جا سکتا ہے لیکن نئے فیچر میں یہ سب نہیں کرنا پڑے گا اور صارف ویڈیو ریکارڈ کرکے وہیں ریئل ٹائم میں دوسروں کو بھیج سکے گا۔