ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی صاحب کی ہدایت پر انٹرنیشنل سیف انٹرنیٹ ڈے آج بروز منگل 8 فروری 2022 کو سائبر کرائم ونگ ایف آئی اے میں منعقد کیا گیا۔
یہ دن عوام کو انٹرنیٹ کے محفوظ اور مثبت استعمال کے بارے میں شعور فراہم کرنے کے حوالے سے آگاہی کا دن ہے۔ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل محمد جعفر صاحب اور ایڈیشنل ڈائریکٹر طارق پرویز صاحب کی ہدایات پر اس دن کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے سائبر کرائمز ونگ کے افسران نے بریفنگ دی۔
اس موقع پر بچوں کے محفوظ اور مثبت انٹرنیٹ کے استعمال کے حوالے سے کچھ اہم پیرنٹل کنٹرول سوفٹ ویئرز کو بھی متعارف کروایا گیا۔ جس کے استعمال سے والدین اپنے بچوں کی انٹرنیٹ سرگرمیوں کی نگرانی کر سکیں گے۔
مزید برآں اینٹی چائیلڈ پورنو گرافی سیل کے انچارج اسسٹنٹ ڈائریکٹر عمران حیدر صاحب نے چائیلڈ پورنو گرافی پر مبنی کیسز اور ان میں سائبر کرائم ونگ کے افسران کی کاوشوں پر تفصیلی بریفنگ بھی دی اور سال 2021 میں ساٸبر مجرمان کی گرفتاریوں اور عدالتوں کی جانب سے دی گٸ سزاٶں کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل محمد جعفر صاحب نے افسران کی کارکردگی اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں سراہا اور انٹرنیٹ کے محفوظ استعمال کے حوالے سے سائبر کرائم ونگ کی آگاہی مہم کو جاری رکھنے کی ہدایات دیں۔ ڈاٸریکٹر ساٸبر کراٸم ونگ نے امید ظاہر کرتے ہوٸے کہا کہ سائبر کرائم ونگ کی مزکورہ مہم سے معاشرے پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور جراٸم کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی۔
مزکورہ دن کی مناسبت سے آؤٹ ڈور ایکٹیویٹی کے طور پر آگاہی مہم کی انچارج اسٹنٹ ڈائریکٹر زونی اشفاق صاحبہ کی سربراہی میں فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی میں بھی آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں اساتذہ اور سٹوڈنٹس نے کرونا ایس او پیز کو مد نظر رکھتے ہوئے شرکت کی اور ادارے کے اس اقدام کو سراہتے ہوٸے اسے ملک گیر سطح پر جاری رکھنے کی درخواست کی۔