بیجنگ۔چینی سائنس دانوں نے 18 منٹ تک پلازما کا درجہ حرارت 10 کروڑ ڈگری سیلسیئس پر برقرار رکھتے ہوئے ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے۔
یہ کارنامہ ’ایکسپیریمنٹل ایڈوانسڈ سپر کنڈکٹنگ ٹوکامیک (ای اے ایس ٹی)‘ نامی نیوکلیئر فیوژن ری ایکٹر، جسے عام طور پر ’مصنوعی سورج‘ کہا جاتا ہے، کے ذریعے انجام دیا گیا۔
تجربے کے دوران ہائیڈروجن اور ڈیوٹیریم کو ایندھن کے طور پر استعمال کیا گیا، جس سے سورج کے اندر جاری عمل کی نقل کی گئی۔ یہ تجربہ نیوکلیئر فیوژن کو توانائی کا ایک مؤثر ذریعہ بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
منصوبے کے ڈائریکٹر، سونگ یُنٹاؤ نے بتایا کہ خود انحصار پلازما کا حصول ایک بڑی کامیابی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فیوژن ری ایکٹرز کو بجلی پیدا کرنے کے لیے ہزاروں سیکنڈ تک مستحکم طور پر کام کرنا ہوگا، لیکن ایسی سخت حالات پیدا کرنے اور برقرار رکھنے کے لیے ری ایکٹرز کی تیاری ایک بڑا چیلنج ہے۔