سوزوکی گاڑیوں کے حوالے سے ایک معروف نام ہے اور وہ بہت جلد ایک اڑنے والی گاڑی بھی متعارف کرانے والی ہے۔
درحقیقت یہ جاپان کی پہلی اڑنے والی گاڑی ہوگی جس کو ایک کمپنی اسکائی ڈرائیوسوزوکی کے ساتھ مل کر تیار کررہی ہے۔
2 نشستوں والی اس الیکٹرک گاڑی کا پہلا پروٹوٹائپ ماڈل حال ہی میں پیش کیا گیا جسےایس ڈی 05 کا نام دیا گیا ہے۔
اس کا نہ صرف ڈیزائن منفرد ہے بلکہ اس کی رفتار بھی 60 میل فی گھنٹہ ہوگی جبکہ یہ ہیلی کاپٹر کی طرح لینڈ اور ٹیک آف کرسکے گی ۔
یہ گاڑی 500 کلو گرام تک کے وزن کے ساتھ ایک وقت میں 30 منٹ سے زیادہ پرواز کرسکے گی۔
اسی وجہ سے کمپنی کی جانب سے توقع ظاہر کی جارہی ہے کہ ایئر ٹیکسی کے طور پر کارآمد ثابت ہوسکے گی۔
اسکائی ڈرائیو کی جانب سے اس حوالے سے کافی عرصے کام کیا جارہا تھا اور 2022 کے شروع میں اس نے اڑن گاڑی کی ٹیکنالوجی کی تیاری کے لیے سوزوکی سے شراکت داری کی تھی۔
اب جاپان سول ایوی ایشن بیورو سے بھی ان کمپنیوں کا معاہدہ ہوگیا ہے تاکہ اس گاڑی کی آزمائشی پرواز کی منظوری حاصل کی جاسکے۔
اسکائی ڈرائیو کا ماننا ہے کہ اس کی تیار کردہ یہ ایئر ٹیکسی 2025 تک مارکیٹ میں دستیاب ہوگی۔