کیا ملائیکا اڑورا ایک بار پھر شادی کرنے والی ہیں؟

بھارتی اداکارہ اورڈانسر کوئن ملائیکا اڑورا کیا شادی کرنے والی ہیں؟ اداکارہ نے سوشل میڈیا بلاگنگ سائٹ انسٹاگرام پر ایسی پوسٹ شیئر کی جس نے مداحوں کو قیاس آرائی کرنے پر مجبور کردیا۔ملائیکا اڑورا نے سوشل میڈیا بلاگنگ سائٹ انسٹاگرام پر اپنی تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ’میں نے ہاں کہہ دی ہے‘ جس کے بعد سوشل میڈیا پر اداکارہ کو مبارک باد کے پیغامات وصول ہونا شروع ہوگئے۔

دوسری جانب مداح اِس سوچ میں مبتلا ہیں کہ کیا ملائیکا اڑورا کی منگنی ہوگئی ہے؟تاہم اداکارہ کی جانب سے منگنی کی انگوٹھی یا بھارتی اداکار اور بوائے فرینڈ ارجن کپور کے حوالے سےتفصیلات نہیں بتائی گئیں لیکن لوگوں نے انہیں ڈھیروں مبارک باد کے پیغامات دینا شروع کردیے ہیں، ملائیکا اڑورا کی پوسٹ پر اداکار کرن ٹیکر نے لکھا ’واہ! واہ! واہ!‘ جبکہ اداکارہ زرین خان نے لکھا ’مبارک ہو‘۔

البتہ مداح اسی تجسُس میں مبتلا تھے کہ اداکارہ ملائیکا اڑوراکس بات کی جانب اشارہ کررہی ہیں، ایک صارف نے پوچھا ’انگوٹھی کہاں ہے؟‘ جبکہ دوسرے صارف نے لکھا ’کس بات کے لیے ہاں کہا ہے؟‘۔

یہ بھی خیال کیا جارہا ہے کہ اداکارہ کی یہ پوسٹ ایک برانڈ کی پروموشن لگتی ہے کیونکہ اس سے قبل ارجن کپور پہلے ہی آگاہ کرچکے ہیں کہ ان کا ابھی جلد شادی کا کوئی ارادہ نہیں ہے، ارجن کپور نے بھارت کے مشہور پروگرام ’کافی وِد کرن سیزن 7‘ میں میزبان کرن جوہر سے کہا کہ وہ ابھی اپنے منستقبل کا سوچ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن اور کووڈ کو دو سال ہوچکے ہیں میں صرف اپنے مستقبل پر توجہ دینا چاہتا ہوں۔

ارجن کپور نے مزید کہا کہ میں بہت حقیقت پسند انسان ہوں، ایسا نہیں ہے کہ مجھے کچھ چھپانے کی ضرورت ہے، میں پیشہ ورانہ مستحکم ہونا چاہتا ہوں، میں مالی طورپر نہیں بلکہ جذباتی طور پر بات کر رہا ہوں، میں ایسا کام کرنا چاہوں گا جس سے مجھے خوشی ملے، کیونکہ اگر میں خوش ہوں تو میں اپنے ساتھی کو خوش کر سکتا ہوں، میں ایک خوشگوار زندگی گزار سکتا ہوں، مجھے لگتا ہے کہ مجھے اپنے کام مجھے خوشی ملتی ہے’۔

خیال رہے کہ کچھ عرصہ قبل یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ بولی وڈ اداکار ارجن کپور اور ڈانسر کوئین ملائیکا اروڑا کو ایک دوسرے کے ساتھ دیکھا جا رہا ہے۔دونوں کو ساتھ دیکھے جانے کے بعد ان دونوں میں محبت اور بعد ازاں ان کی جانب سے شادی کا پروگرام بنانے کی خبریں بھی سامنے آئیں۔