بولی ووڈ کے ماضی کے مقبول اداکار اور ہدایت کار متھن چکرورتی نے اپنی زندگی پر فلم نہ بنانے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا ہے کہ صرف سیاہ رنگت کی وجہ سے فلم انڈسٹری میں ان کی تضحیک کی گئی۔رپورٹ کے مطابق متھن چکرورتی نے کہا کہ انہیں اپنے سیاہ رنگت کی وجہ سے کافی پریشانی اٹھانی پڑی، ’جو مشکلات میں نے برداشت کی ہیں میں نہیں چاہتا کہ دوسرے لوگ اس تکلیف سے گزریں، ہر کسی نے اپنی منزل کے لیے جدوجہد کی ہے لیکن مجھے میری رنگت کی وجہ سے لوگوں نے بے عزت کیا
انہوں نے اپنی زندگی کی مشکلات بتاتے ہوئے کہا کہ ’شوبز انڈسٹری میں کئی برسوں سے میری تضحیک کی جاتی رہی، میں نے وہ وقت بھی دیکھا جب مجھے خالی پیٹ سونا پڑتا تھا اور بہت مشکل سے نیند آتی تھی۔‘
معروف بھارتی اداکار نے کہا میں نے وہ وقت بھی دیکھا جہاں مجھے رات گزارنے کے لیے چھت تلاش کرنی پڑتی تھی، اور اگر نیند پوری کرنے کے لیے چھت نہ ملتی تو کئی دنوں تک سڑک پر رات گزارنی پڑتی تھی۔
انہوں نے بھارتی اخبار کو مزید بتایا کہ ’میں نہیں چاہتا کہ میری زندگی پر فلم بنے کیونکہ میری زندگی پر بننے والی فلم دیکھ کر لوگ ذہنی پریشانی کا شکار ہوجائیں گے، میری کہانی کسی کو متاثر نہیں کرے گی بلکہ لوگ دل شکستہ ہوجائیں گے اور میں یہ ہرگز نہیں چاہتا‘۔
متھن چکرورتی نے مزید بتایا کہ فلم انڈسٹری میں خود کو ثابت کرنے کے لیے مجھے کافی جدوجہد کرنی پڑی، میں اس لیے لیجنڈری اداکار نہیں ہوں کہ میں نے مشہور فلمیں بنائی ہیں بلکہ میں لیجنڈ اس لیے ہوں کیوں کہ زندگی کے لئے میری جدوجہد کامیاب رہی ہے۔
نیشنل اور فلم فیئر سمیت متعدد فلمی ایوارڈ اپنے نام کرنے والے 66 سالہ اداکار متھن چکرورتی نے 1976 میں کیریئر کا آغاز کیا اور اب تک وہ 500 سے زائد فلموں میں کام کر چکے ہیں۔
متھن چکرورتی کی 400 سے زائد فلمیں ریلیز ہوئیں، تاہم ان کی درجنوں فلمیں مختلف وجوہات کی بناء پر آج تک ریلیز نہیں ہوسکیں، ان کی ریلیز نہ ہونے والی فلموں میں 4 دہائیاں قبل بنائی جانے والی فلمیں بھی شامل ہیں۔
متھن چکرورتی نے ٹی وی پر بھی اداکاری کے جوہر دکھائے جب کہ وہ تاحال ٹی وی پر ڈانس ریئلٹی شوز میں بطور جج کام کررہے ہیں۔
متھن چکرورتی ریاست مغربی بنگال سے راجیا سبھا کے رکن بھی منتخب ہوچکے ہیں اور وہ سماجی کاموں میں بھی سرگرم رہتے ہیں۔
متھن چکرورتی نے 1979 کے بعد شادی کی اور ان کے 4 بچے ہیں، جن میں سے تین بیٹے اور ایک بیٹی ہیں۔