معروف اداکارہ سجل علی نے کہا ہے کہ شادی محبت کی ہو یا پھر ارینج میریج دونوں ہی صورتوں میں وہ ایک رسک ہوتی ہے۔اداکارہ نے امریکی شوبز ویب سائٹ ’ڈیڈ لائن‘ سے اپنی آنے والی فلم ’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ‘ کی پروموشن کے لیے بات کرتے ہوئے سجل علی نے فلم میں کام کرنے کو معجزہ قرار دیا۔سجل علی نے ویب سائٹ کے ہمراہ فلم کی پروڈیوسر جمائمہ خان اور بولی وڈ اداکارہ شبانہ اعظمی کے ساتھ بات کی اور اپنے کردار سے متعلق بھی بتایا۔اداکارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے فلم میں میمونہ نامی پاکستانی لڑکی کا کردار ادا کیا ہے جو ارینج میریج کرکے برطانیہ منتقل ہوجاتی ہیں، جہاں ان کی زندگی میں مختلف واقعات پیش آتے ہیں۔
سجل علی نے بتایا کہ انہوں نے کبھی بھی نہیں سوچا تھا کہ وہ شبانہ اعظمی جیسی لیجنڈ اداکارہ کے ساتھ کبھی ایک ساتھ کام کریں گی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہدایت کار شیکھر کپور کی ہدایت کار اور جمائمہ خان کی پروڈیوسرشپ میں ان کا کام کرنا معجزہ ہے، کیوں کہ انہوں نے کبھی ان جیسی شخصیات کے ساتھ کام کرنے کا نہیں سوچا تھا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ ہولی وڈ اور بولی وڈ فلموں کے برعکس پاکستانی ڈراموں میں خواتین کے کردار زیادہ اہمیت کے حامل ہوتے ہیں۔اسی طرح انہوں نے ایک اور سوال کے جواب میں بتایا کہ انہیں ذاتی طور پر پسند کی شادیاں پسند ہوتی ہیں، وہ صرف محبت کو پسند کرتی ہیں اور انہیں محبت کی ہی شادیاں اچھی لگتی ہیں۔
ساتھ ہی انہوں نے واضح کیا کہ لیکن شادی پسند کی ہو یا پھر ارینج میریج، دونوں ہی صورتوں میں یہ ایک رسک ہوتی ہے۔سجل علی کی جانب سے شادی کو دونوں ہی صورتوں میں رسک قرار دیے جانے کے بعد ان کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور لوگوں نے احد رضا میر کے ساتھ ان کی شادی اور تعلقات پر بھی تبصرے کیے۔خیال رہے کہ ’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ‘ میں سجل علی نے ایک ایسی پاکستانی لڑکی کا کردار ادا کیا ہے، جو ارینج میریج کرکے پاکستان سے برطانیہ منتقل ہوجاتی ہیں۔
فلم کی کہانی ایک فلم میکر خاتون کے رومانس کے گرد گھومتی ہے، جو اپنی شادی کے لیے ڈیٹنگ ایپس تک کو بھی آزما کر دیکھتی ہیں مگر انہیں ہمیشہ غلط مرد ہی ملتے ہیں۔فلم کی کہانی کے مطابق مذکورہ فلم ساز لڑکی ’زوئی‘ (للی جیمز) بعد ازاں اپنی والدہ (ایما تھومپسن) کے کہنے پر اپنے پرانے پڑوسی پاکستانی لڑکے (شہزاد لطیف) سے شادی کے لیے لندن سے لاہور آتی ہیں اور وہ سجل علی سے ان کی شادی کی ڈاکیومینٹری بناتی ہیں۔فلم میں دکھایا گیا ہے کہ کس طرح خاندان کی پسند سے ہونے والی شادی محبت کی شادی میں تبدیل ہوجاتی ہے اور فلم میں پاکستانی ثقافت، رسم و رواج کو بھی دکھایا گیا ہے۔
فلم میں پاکستانی گلوکار راحت فتح علی خان کے گانے بھی شامل ہیں جب کہ اس میں متعدد پاکستانی مناظر کو دکھایا گیا ہے اور اس کی شوٹنگ کے لیے لندن میں لاہور کا مصنوعی سیٹ تیار کیا گیا تھا۔فلم کی ہدایات بولی وڈ فلم ساز شیکھر کپور دے رہے ہیں، جنہوں نے اس سے قبل 2007 میں ریلیز ہونے والی بائیوگرافی فلم (ایلزبتھ: دی گولڈن ایج) کی ہدایات دی تھیں، جسے بہترین پروڈکشن کا آسکر ایوارڈ بھی ملا تھا۔’واٹس لو گاٹ ٹو ڈو وِد اٹ‘ (What’s Love Got To Do With It) کی کہانی جمائما گولڈ اسمتھ نے لکھی ہے اور اسے ’اسٹوڈیو کینال‘ نے پروڈیوس کیا ہے۔
فلم کی مرکزی کاسٹ میں پاکستانی اداکارہ سجل علی، بولی وڈ اداکارہ شبانہ اعظمی، عاصم چوہدری، جیف مرزا، مم شیخ، مریم حق اور سندھو وی شامل ہیں۔