بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان اور اداکارہ دیپکا پڈوکون کی نئی فلم ” پٹھان ” ریلیز سے قبل تنازعات کا شکار ہوگئی جبکہ فلم کے بائیکاٹ کا مطالبہ بھی زور پکڑنے لگا۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق دو روزقبل شاہ رخ خان کی فلم’پٹھان‘ کا گانا ’بے شرم رنگ‘ ریلیز کیا گیا ہے جس میں کنگ خان کے ساتھ دیپکا پڈوکون جلوہ گر ہوئی ہیں، فلم کے گانے کو بے حد پسند کیا گیا ہے اور 3 کروڑ سے زائد افراد دیکھ چکے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق گانے میں شاہ رخ کے ساتھ دپیکا کے زعفرانی رنگ کے لباس کے منظر کو بھارتی انتہا پسندوں نے مذہبی تعصب کا رنگ دیا ہے۔ہندو مذہب میں زعفرانی رنگ کو مقدس سمجھا جاتا ہے جبکہ انتہا پسند ہندوؤں نے گانے میں شاہ رخ کے ہرے رنگ کے کپڑے پہننے پر بھی اعتراض عائد کردیا ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا کہ مدھیہ پردیش کے وزیر داخلہ ڈاکٹر نروتم گانے میں زعفرانی ملبوسات کے استعمال پر بھڑک اٹھے ہیں اور انہوں نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے مدھیہ پردیش میں اس فلم کی نمائش پر پابندی لگانے کی دھمکی دی ہے جس سے فلم کی ریلیز مشکوک ہوگئی ہے۔وزیر نروتم مشرا نے کہا کہ فلم میں قابل اعتراض مناظر ہیں اور ان کی عکسبندی انتہائی غلط ہے، ملبوسات اور مناظر کو درست کیا جائے، ورنہ اس فلم کو مدھیہ پردیش میں نمائش کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔