بھارتی حکام نے اداکارہ راکل پریت سنگھ کو 2017ء کے ٹالی ووڈ ڈرگ اینڈ منی لانڈرنگ کیس میں تفتیش کے لیے طلب کر لیا ہے۔بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق انفورسمنٹ ڈائریکٹریٹ (ای ڈی) نے راکل پریت سنگھ کو ایک بڑے منشیات کیس کے سلسلے میں تفتیش کے لیے طلب کیا ہے، اس کیس میں ابھی تک کئی مشہور شخصیات سے پوچھ گچھ کی جا چکی ہے۔
اس سے قبل حکّام نے2021ء میں بھی اداکارہ کو تفتیش کے لیے بلایا تھا اور دورانِ تفتیش اُنہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کا منشیات کے اسمگلرز سے کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ ہی وہ خود منشیات کا استعمال کرتی ہیں۔واضح رہے کہ ابھی تک تلنگانہ کے محکمۂ پروہبیشن اینڈ ایکسائز کی ایک خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) نے اس معاملے میں تیلگو فلم انڈسٹری کے تقریباً 11 ارکان بشمول روی تیجا، چارمی کور اور نودیپ سے تفتیش کی ہے۔
منشیات کا یہ کیس 2017ء میں اس وقت منظرِ عام پر آیا جب کسٹم حکام نے موسیقار کیلون مسکار نہاس اور 2 دیگر افراد کو 30 لاکھ روپے کی منشیات کے ساتھ گرفتار کیا تھا۔اس گرفتاری کے بعد تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی تھی کہ اس کیس میں ٹالی ووڈ کی مشہور شخصیات کی بڑی تعداد ملوث ہو سکتی ہے۔