میشا شفیع پہلی امریکی فلم میں کس کردار میں نظر آئینگی؟

پاکستان چھوڑ کر کینیڈا میں رہائش اختیار کرنے والی گلوکارہ و اداکارہ میشا شفیع کی پہلی امریکی فلم ’مستاش‘ (Mustache) یعنی ’مونچھیں‘ کی پہلی جھلک جاری کردی گئی، جس میں اداکارہ کو حجاب میں دکھایا گیا ہے۔بولڈ لباس اور منفرد فیشن کی وجہ سے شہرت رکھنے والی گلوکارہ میشا شفیع کو فلم میں باحجاب مسلمان خاتون کے طور پر دکھایا جائے گا۔اداکارہ نے 12 جنوری کو ’مستاش‘ (Mustache) فلم کی اپنی پہلی جھلک انسٹاگرام پر شیئر کی، جس میں انہیں فلم میں اپنے بیٹے کا کردار ادا کرنے والے اداکار کے ساتھ دیکھا جا سکتا ہے۔

میشا شفیع کو پہلی جھلک میں باحجاب خاتون کے طور پر دکھایا گیا ہے جو اپنے جواں سالہ بیٹے کے ساتھ گھر کے کچن کو کونے کو حیرت زدہ نظروں سے دیکھتی دکھائی دیتی ہیں۔

انہوں نے اپنے کردار کی پہلی جھلک شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو آگاہ کیا کہ ان کی فلم کو رواں برس مارچ میں امریکی ریاست ٹیکسس میں ہونے والے ایک فلم فیسٹیول میں پیش کیا جائے گا۔

اداکارہ نے اپنی فلم کو ٹیکسس کے شہر آسٹن میں ہونے والے سالانہ فلم فیسٹیول ’ایس ایکس ایس ڈبلیو‘ کے لیے منتخب کیے جانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے اس بات پر فخر کیا کہ وہ انتہائی قابل اور محنتی ٹیم کے ساتھ کام کر رہی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ان کی فلم کو آسٹن شہر میں ہونے والے فلم فیسٹیول میں پیش کیا جائے گا، ساتھ ہی فلم کے آفیشل انسٹاگرام پر بھی اس کی تصدیق کی گئی۔

تاہم اداکارہ یا فلم کی ٹیم نے فلم کو باضابطہ طور پر ریلیز کرنے کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا، تاہم خیال کیا جا رہا ہے کہ فلم کو کچھ دیگر فیسٹیولز میں بھی پیش کیے جانے کے بعد ریلیز کیا جائے گا۔