ٹی وی اداکار شبیر رعنا انتقال کرگئے

ٹی وی اداکار شبیر رعنا حرکت قلب بند ہوجانے سے آج صبح کراچی میں انتقال کرگئے۔اداکار کے بیٹے اذلان شاہ نے انسٹاگرام اسٹوری پراپنے والد کے انتقال کی تصدیق کی۔انہوں نے لکھا کہ ’میرے والد شبیر رعنا اتوار کی صبح انتقال کرگئے ہیں، ان کی نمازِ جنازہ آج بعد نمازِ عصر رحمانیہ مسجد طارق روڈ پر ادا کی جائے گی۔ ’

اداکار کے بیٹے اذلان شاہ نامور یوٹیوبر اور سوشل میڈیا اسٹار ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مرحوم کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ اداکار شبیر رعنا دل کے عارضے میں مبتلا تھے اور بیماری کے باعث گزشتہ کئی روز سے قومی ادارہ برائے امراضِ قلب میں زیرِ علاج تھے جہاں وہ آج صبح انتقال کرگئے۔

وہ کئی عرصے سے ٹی وی اسکرین سے دور تھے، تاہم انہوں نے ماضی میں 4 دہائیوں سے زائد عرصہ ٹیلی ویژن ڈراموں میں کام کیا۔شبیر رعنا نے لیجنڈری اداکار معین اختر کے ساتھ بھی کام کیا۔

انہوں نے معروف ٹی وی ڈراما ’محمود آباد کی ملکائیں‘، ’قید تنہائی‘ میں اداکاری کی جہاں انہوں نے کافی پزیرائی سمیٹی۔اس کے علاوہ انہوں نے ڈراما سیریل ’بے انتہا‘، ’محبت زندگی ہے‘، ڈھیلی کالونی’ سمیت مختلف ڈراموں میں اداکاری کرچکے ہیں۔