بالی وڈ کو امیتابھ بچن اور شاہ رخ خان کے بعد ایک نیا ڈان ملنے جا رہا ہے۔ان دنوں بالی وڈ کی ایکشن سے بھرپور سیریز’ڈان’ کے تیسرے پارٹ یعنی ڈان 3 کی تیاریوں کے حوالے سے خبریں گردش میں ہیں، کچھ دن پہلے پروڈیوسر رتیش سدھوانی نے ہدایتکار اور اداکار فرحان اختر کی ڈان فرنچائز کے تیسرے پارٹ کے اسکرپٹ مکمل ہونے کی تصدیق کی تھی۔واضح رہے کہ بالی وڈ کی سپر ہٹ فلموں میں سے ایک ڈان سب سے پہلے 1978 میں ریلیز ہوئی تھی جس میں امیتابھ بچن نے مرکزی کردار ادا کیا جو مداحوں نے کافی پسند کیا تھا۔
28 سال بعد 2006 میں ہدایتکار فرحان اختر نے ماضی کی ہٹ فلم ڈان کو دوبارہ بنانے کا فیصلہ کیا اور اس بار ڈان کا کردار شاہ رخ خان کے حصے میں آیا جو انہوں نے بخوبی نبھایا، یہ سلسلہ ادھر نہیں رُکا بلکہ 2011 میں فرحان اختر نے ڈان 2 بنائی اور شاہ رخ خان ہی ڈان کے کردار میں نظر آئے۔اب ڈان 3 کی تیاریوں کے حوالے سے گردش کرنے والی خبروں کے بعد شاہ رخ خان کے مداحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی تھی کہ وہ اپنے پسندیدہ اداکار کو ایک بار پھر ڈان بنتا دیکھیں گے لیکن بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا کہ ڈان 3 میں شاہ رخ خان کے بجائے ایک نئے اداکار کو ‘ڈان’ کے کردار کے لیے فلم میں کاسٹ کیا جارہا ہے۔
پنک وِلاکی رپورٹ کے مطابق بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان نے ڈان فرنچائز کو خیر باد کہنے کا فیصلہ کرلیا اور وہ مزید اس سیریز کی فلموں میں بحیثیت ‘ڈان’ نظر نہیں آئیں گے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شاہ رخ خان اب کمرشل فلموں میں کام کرنا چاہتے ہیں اور ان کا خیال ہے کہ ڈان آج کے سنیما میں فٹ نہیں ہوتی۔تاہم شاہ رخ خان کے آؤٹ ہونے کے بعد ڈان 3 کے لیے بالی وڈ اسٹار رنویر سنگھ کا نام سامنے آرہا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مبینہ طور پر رنویر سنگھ ڈان 3 میں مرکزی کردار ادا کریں گے جس کا باضابطہ اعلان جلد کیے جانے کے امکان ہے۔واضح رہے کہ شاہ رخ خان کے ڈان سیریز سے آؤٹ ہونے اور ان کی جگہ رنویر سنگھ کو کاسٹ کرنے کے حوالے سے فلم کے پروڈیوسرز یا ہدایتکار کی جانب سے اب تک کوئی واضح بیان سامنے نہیں آیا ہے۔