ماڈل، اداکارہ و میزبان متھیرا نے شکوہ کیا ہے کہ پاکستانی شوبز انڈسٹری نے کم عمری میں انہیں تربیت دینے کے بجائے ان کا استحصال کیا اور یہ کہ شوبز انڈسٹری کے لوگ بہت جعلی اور بے رحم ہوتے ہیں۔
متھیرا نے ان خیالات کا اظہار ایک مارننگ شو کے دوران کیا، جہاں انہوں نے شوبز سمیت دیگر معاملات پر کھل کر باتیں کیں۔
اداکارہ متھیرا نے ایک سوال کے جواب میں یہ انکشاف بھی کیا کہ سال 2022 میں بھی متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی ریاست دبئی میں سال نو کے موقع پر ان کا خطرناک روڈ حادثہ ہوا تھا۔
اس سے قبل بھی 2019 میں متھیرا کا دبئی میں روڈ حادثہ ہوچکا تھا۔ماڈل کے مطابق روڈ حادثے کے دوران ان کے سینے پر سخت چوٹیں لگیں جب کہ ان کا جبڑا بھی ٹیڑھا ہوچکا تھا اور ان کے پھیپھڑے بھی متاثر ہوئے تھے اور انہیں سانس لینے میں بھی مشکلات درپیش تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ حادثے کے بعد وہ کافی عرصے تک زیر علاج رہیں اور اس دوران بستر پر رہیں، انہوں نے کوئی ایکسرسائز نہیں کی، جس وجہ سے ان کا وزن بڑھ گیا۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ وہ زائد الوزن ہیں لیکن انہیں اپنی جسامت اور رنگت سے پیار ہے۔
ساتھ ہی متھیرا نے بتایا کہ انہوں نے جسم سے تین بار چربی نکلوائی ہے اور انہیں لگتا ہے کہ وہ مزید ایک بار مذکورہ عمل سے گزریں گی۔
متھیرا نے 2021 میں احسن خان کے شو میں جسم سے چربی نکلوانے کے آپریشن ’لیپو سکشن‘ کروانے کا اعتراف کیا تھا اور اب بھی انہوں نے بتایا کہ ممکنہ طور پر وہ چوتھی بار بھی اسی عمل سے گزریں گی۔