نامور فلم اسٹار مہوش حیات نے تعلقات کے حوالے سے اپنی ذاتی رائے دیتے ہوئے کہا کہ ’انسان کو ایک وقت میں دو لوگوں سے محبت ہوسکتی ہے لیکن جب شادی ہوجائے تو وہی انسان سب کچھ ہونا چاہیے۔‘
اداکارہ مہوش حیات نے ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ’اس پروگرام کے ذریعے اعلان کرنا چاہتی ہوں کہ میں نے برطانیہ میں ’پنک لاما‘ کے نام سے اپنی فلم کمپنی کا آغاز کیا ہے، میں ہمیشہ دنیا بھر کے مسلمان بالخصوص پاکستانی مسلمانوں کے خلاف دنیا کے منفی تصور کے حوالے سے بات کرتی ہوں جہاں انہیں دقیانوسی تصور کے طور پر دکھایا جاتا ہے۔‘
مہوش حیات نے کہا کہ ’ اسی لیے میں نے فیصلہ کیا کہ ان تصورات کے خلاف آواز اٹھانے کے لیے ہمیں خود قدم اٹھانا ہوگا، کیونکہ ہم خاموش بیٹھ کر کچھ نہیں کرسکتے، کمپنی میں پروفیشنل ٹیم کام کررہی ہے جو بافٹا ایوارڈ اور ایمی ایوارڈ بھی جیت چکے ہیں۔’
مہوش حیات اور رمشا خان اپنی فلم ’تیری میری کہانیاں‘ کی پروموشن کے لیے موجود تھیں جہاں انہوں نے فلم کی متاثر کن کہانی کے حوالے سے ناظرین کو آگاہ کیا۔
یاد رہے کہ ’تیری میری کہانیاں‘ عیدالاضحیٰ پر ملک بھر کے سنیما گھروں میں ریلیز ہوئی تھی، یہ فلم 3 مختلف فلموں کا مجموعہ ہےجس میں 3 مختلف کہانیاں شامل کی گئی ہیں۔
فلم میں مہوش حیات اداکار وہاج علی کے ساتھ نظر آئیں گی جبکہ رمشا خان اداکار شہریار منور کے ساتھ نظر آئیں گی۔