لاہور: اسلام کی خاطر شوبز انڈسٹری سے الگ ہونے والی سابقہ پاکستانی گلوکارہ رابی پیرزادہ نے بتایا ہے کہ انہیں بہت سے مردوں کی جانب سے شادی کی پیشکشیں مل رہی ہیں۔
حال ہی میں رابی پیرزادہ نے حفیظ احمد کے پوڈ کاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے شادی کی پیشکشوں اور ملک میں طلاق کی بڑھتی ہوئی شرح پر بات کی۔
رابی پیرزادہ نے کہا کہ انہیں روزانہ کئی شادی کے پروپوزل ملتے ہیں، اور ان کی فاؤنڈیشن کے آٹھ سے دس فون نمبرز پر آنے والے پیغامات میں اکثر کسی نہ کسی مرد کی طرف سے شادی کی پیشکش ہوتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہر دوسرا مرد انہیں شادی کی پیشکش کرتا ہے، جس کی وجہ یہ ہے کہ آج کل کے مرد شوبز سے منسلک گلیمرس لڑکیوں کو زیادہ پسند کرتے ہیں، لیکن ان کا کہنا ہے کہ یہ ایک غلط رجحان ہے۔
سابقہ گلوکارہ نے مردوں سے درخواست کی کہ وہ گلیمرس لڑکیوں کے بجائے اپنے اردگرد کی سادہ لڑکیوں پر توجہ دیں، جو بھی خوبصورت ہیں اور شادی کے لیے تیار ہیں۔
رابی پیرزادہ نے مزید کہا کہ مردوں کو شادی کے لیے اداکاراؤں کے بجائے سادہ دل لڑکیوں کی قدر کرنی چاہیے اور ان پر غور کرنا چاہیے۔
انہوں نے اس بات پر بھی روشنی ڈالی کہ ہمارے معاشرے میں لڑکے شکایت کرتے ہیں کہ لڑکیاں ان کی قدر نہیں کرتیں کیونکہ ان کے پاس مالی وسائل نہیں، جبکہ لڑکیاں چہیز کی کمی کی وجہ سے شادی نہیں کر سکتیں۔
یاد رہے کہ رابی پیرزادہ ماضی میں گلوکارہ، اداکارہ، ماڈل اور آرٹسٹ کے طور پر شوبز انڈسٹری میں کام کر چکی ہیں، لیکن مذہبی وجوہات کی بنا پر شوبز سے الگ ہونے کے بعد اب وہ فلاحی کاموں میں مصروف ہیں۔