اداکارہ ادیتی راؤ حیدری اور سدھارتھ کی شادی، تصاویر وائرل

اداکارہ ادیتی راؤ حیدری اور سدھارتھ کی شادی، تصاویر وائرل

ممبئی: سنجے لیلا بھنسالی کی بلاک بسٹر ویب سیریز ‘ہیرا منڈی’ کی اداکارہ ادیتی راؤ حیدری اور اداکار سدھارتھ سورینارائن نے شادی کر لی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق، یہ جوڑا نے 400 سال پرانے مندر ‘واناپارتھی’ میں شادی کی۔ شادی کی اس خوبصورت تقریب میں دونوں کے قریبی عزیز اور اہل خانہ نے شرکت کی۔

ادیتی راؤ حیدری اور سدھارتھ سورینارائن نے اپنی شادی کی تصاویر اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر شیئر کر کے مداحوں کو حیران کر دیا۔ ان تصاویر میں ادیتی نے ہلکے رنگ کی سادی سی ساڑھی زیب تن کی ہوئی ہے اور ہلکے میک اپ کے ساتھ نکھار رہی ہیں، جبکہ سدھارتھ نے ہاف وائٹ رنگ کے لباس کا انتخاب کیا۔

جوڑے نے اپنی مشترکہ پوسٹ میں ایک دوسرے کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا، “تم میرا سورج، میرا چاند اور میرے تمام ستارے ہو۔” بھارتی شوبز شخصیات اور مداحوں نے ادیتی راؤ حیدری اور سدھارتھ کو شادی کی مبارکباد دینے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔

یاد رہے کہ ادیتی راؤ حیدری اور سدھارتھ نے رواں سال کے آغاز میں منگنی کی تھی، جسے ابتدا میں خفیہ رکھا گیا تھا، لیکن بعد میں اداکارہ نے سوشل میڈیا پر سدھارتھ کے ساتھ تصویر شیئر کر کے منگنی کا اعلان کیا تھا۔

ادیتی راؤ حیدری کی پہلی شادی اداکار ستیہ دیپ مشرا کے ساتھ ہوئی تھی، جس کے بعد دونوں کے درمیان طلاق ہو گئی تھی۔ دوسری جانب، سدھارتھ نے 2003 میں میگھنا نارائن سے پہلی شادی کی تھی، لیکن یہ شادی بھی زیادہ دیرپا نہیں رہی اور 2007 میں دونوں میں علیحدگی ہو گئی تھی۔